ہوٹلوں اور شادی ہالز پر بڑی پابندی عائد کردی گئی

Sep 22, 2026 | 17:09:PM
ہوٹلوں اور شادی ہالز پر بڑی پابندی عائد کردی گئی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) ہوٹلوں اور میرج ہالز پر رات کو کھانے اور کچرے کو کھلے عام ڈمپ کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کے اطراف طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات کی روک تھام اور فضائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیے کمشنر کراچی حسن نقوی کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

فنل زون کی حد بندی: اجلاس میں ایئرپورٹ کے 4 کلومیٹر کے ‘فنل زون’میں پرندوں کو متوجہ کرنے والے تمام مقامات کا جائزہ لیا گیا۔

اس زون میں واقع 25 سے 30 ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور میرج ہالز کی فہرست کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ہوٹل اور میرج ہال مالکان کو صفائی کا بہتر نظام قائم کرنے اور سینیٹوریل اسٹاف مقرر کرنے کا پابند بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ رات کو کھانا اور کچرا کھلے عام ڈمپ کرنے پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ کچرے کو پولی تھین بیگز میں مکمل پیک کر کے مخصوص پوائنٹس تک منتقل کیا جائے گا۔

اجلاس میں رات اور صبح کے اوقات میں چیلوں اور دیگر پرندوں کی آمد روکنے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔

کمشنر کراچی نے ملیر اور کورنگی کے ڈپٹی کمشنرز کو پرندوں سے طیاروں کے تصادم کے خطرات کم کرنے سے متعلق جامع رپورٹ 3 ہفتوں میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی، ڈپٹی کمشنر ملیر و کورنگی، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کے افسران نے شرکت کی۔