ایلون مسک دنیا کے پہلے کھرب پتی شخص ؛فوربز کی فہرست جاری
امریکہ کے 400 امیر ترین افراد کے مجموعی اثاثے ریکارڈ 8 کھرب ڈالرز تک پہنچ گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)ایلون مسک نے امریکہ کے امیر ترین شخص ہونے کے ساتھ ساتھ دنیا کے پہلے کھرب پتی ہونے کا تاریخی اعزاز بھی حاصل کر لیا ۔
فوربز 400 کی 2026 کی فہرست کے مطابق ایلون مسک کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 908 ارب ڈالرز ہے، جس کے ساتھ وہ فہرست میں پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔
فوربز 400 کی 45ویں سالانہ فہرست کے مطابق امریکہ کے 400 امیر ترین افراد کے مجموعی اثاثے ریکارڈ 8 کھرب ڈالرز تک پہنچ گئے جو گزشتہ سال 6.6 کھرب ڈالرز تھے یعنی ایک ہی سال میں 1.4 کھرب ڈالرز کا زبردست اضافہ ہوا۔
فہرست میں سرفہرست دس امیر ترین افراد میں ایلون مسک 908 ارب ڈالرز کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہیں، ایمازون کے بانی جیف بیزوس 378 ارب ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر جبکہ الفابیٹ کے لیری پیج 278 ارب ڈالرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں،مائیکل ڈیل 263 ارب ڈالرز کے ساتھ چوتھے اور سرگئی برن 256 ارب ڈالرز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔مارک زکربرگ 212 ارب ڈالرز، لیری ایلیسن 204 ارب ڈالرز، جینسن ہوانگ 199 ارب ڈالرز، اسٹیو بالمر 156 ارب ڈالرز اور وارن بفٹ 144 ارب ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ اس فہرست میں شامل ہیں۔
فوربز کے مطابق اس سال فہرست میں شامل ہونے کے لیے کم از کم 4.4 ارب ڈالرز کے اثاثے درکار تھے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 600 ملین ڈالرز زیادہ ہیں ،یہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ امریکہ کی امیر ترین اشرافیہ کی دولت مجموعی طور پر کس تیزی سے بڑھ رہی ہے،فوربز نے اس غیرمعمولی اضافے کی بنیادی وجہ مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا سینٹرز کے شعبوں میں تیز رفتار ترقی کو قرار دیا ہے جس نے ٹیکنالوجی کے بانیوں کی دولت میں زبردست اضافہ کیا ۔
مصنوعی ذہانت کے انقلاب نے فہرست میں شامل کم عمر ترین ارب پتیوں کی تعداد کو بھی نمایاں طور پر بڑھا دیا ، اس سال 40 سال سے کم عمر 10 ارب پتی فہرست کا حصہ ہیں جبکہ 2025 میں یہ تعداد صرف 4 تھی، ان میں سے 7 افراد پہلی مرتبہ اس فہرست میں شامل ہوئے ہیں اور سب کی دولت کا تعلق براہِ راست مصنوعی ذہانت کے شعبے سے ہے۔
اینتھروپک سے تعلق رکھنے والے ڈینیئلا امودی اور ٹام براؤن کے اثاثے 15.5، 15.5 ارب ڈالرز ہیں، اوپن اے آئی کے 37 سالہ گریگ بروک مین 25.5 ارب ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ فہرست میں شامل ہونے والے نئے افراد میں سب سے زیادہ دولت مند ہیں،کوگنیشن کے شریک بانی 30 سالہ اسٹیون ہاؤ 5.8 ارب ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ فہرست میں شامل سب سے کم عمر شخص ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیول ریلیف سکیم میں کوئی رکاوٹ آئی تو دور کی جائے گی؛طارق فضل چوہدری
فوربز 400 کی 2026 کی فہرست ایک واضح رجحان کی نشاندہی کرتی ہے، مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا سینٹرز کی صنعت نہ صرف امریکہ کے قائم شدہ ارب پتیوں کی دولت میں زبردست اضافہ کر رہی ہے بلکہ نوجوان اے آئی بانیوں کی ایک بالکل نئی نسل کو بھی تیزی سے کھرب پتیوں کی صف میں لا رہی ہے، ایلون مسک کا دنیا کے پہلے کھرب پتی کے طور پر ابھرنا اس بات کی علامت ہے کہ ٹیکنالوجی کا شعبہ عالمی معیشت اور دولت کی تقسیم کو کس حد تک نئی شکل دے رہا ہے۔