صرف 5 منٹ کی گوگل میٹ کال کے دوران 80 بھارتی ملازمین فارغ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 ںیوز)امریکی کمپنی نے مبینہ طور پر اپنی پوری 80 بھارتی ملازمین پر مشتمل کسٹمر سپورٹ ٹیم کو صرف 5 منٹ کی گوگل میٹ کال کے دوران ملازمت سے فارغ کر دیا۔
متاثرہ ملازم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈٹ پر اپنی پوسٹ میں بتایا ہے کہ ٹیم کو پہلے ’آپریشنل وجوہات‘ کا حوالہ دیتے ہوئے گھر سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی، لیکن پھر اچانک رات ساڑھے 9 بجے انتظامیہ نے ٹیم کو گوگل میٹ پر بلایا اور بتایا کہ پوری بھارتی کسٹمر سروس ٹیم کو فارغ کر دیا گیا ہے۔
متاثرہ ملازم نے بتایا ہے کہ اس فیصلے سے تقریباً 80 ملازمین اور ان کے خاندان متاثر ہوئے ہیں، متاثرہ ملازم نے دعویٰ کیا ہے کہ ملازمین ملازمت کے تحفظ کے خدشے کے باعث مسلسل محنت کر رہے تھے اور انہیں برطرفی سے قبل کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پوچھے جانے پر متاثرہ ملازم نے بتایا کہ کمپنی کا نام ’بلیو وائن‘ (Bluevine)‘ ہے جو ایک ڈیجیٹل بینکنگ پلیٹ فارم ہے اور چھوٹے کاروباروں کو آن لائن بزنس چیکنگ اکاؤنٹس، ادائیگی کی سہولتیں اور کریڈٹ لائنز فراہم کرتا ہے۔
متاثرہ ملازم نے بتایا کہ کمپنی کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کمپنی کی توقعات کے مطابق مطلوبہ نتائج فراہم نہیں کر رہی تھی، اس وجہ سے ملازمین کو فارغ کیا گیا، متاثرہ ملازم کے ان دعوؤں کی کمپنی کی جانب سے فی الحال تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کے عبد الرحمان نے ہاکی ورلڈ کپ میں میجک سکل ایوارڈ جیت لیا