پنجابی ایکشن کامیڈی فلم ’’مینگو جٹ‘‘ کا آفیشل ٹریلر ریلیزہوگیا
یہ میرے لیے ناقابل یقین حد تک ذاتی اور اہم فلم ،میرے سفر میں ایک نیا باب ہے، حریم فاروق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)حمیم پروڈکشنز کے بینرتلے بننےوالی فلم’’ مینگو جٹ‘‘ کا آفیشل ٹریلر جاری کر دیاگیا۔
حریم فاروق کی پروڈیوس کردہ اس پنجابی ایکشن کامیڈی فلم کی نمایاں کاسٹ میں فیصل قریشی، حریم فاروق، شمعون عباسی، قیصر پیا، ہنی البیلا،علی محمد،نواز انجم،حسن مراد اور عائشہ جہانزیب شامل ہیں,’’مینگو جٹ‘‘کا ٹریلر گلبرگ کے ایک سینمامیں جاری کیاگیا،اس موقع پرفلم کی پروڈیوسرحریم فاروق،اداکارقیصرپیا،ہنی البیلا،ندیم مانڈوی والا،راشدخواجہ،فلم سازصفدرملک،معروف ڈائریکٹرشہزاد رفیق،اسلم حسن،رابعہ حسن اورشوبزکے نمایاں افراد کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔
ایکشن، کامیڈی، رومانس اور خاندانی جذبات کا امتزاج لیے ہوئے’’ مینگو جٹ‘‘ کی کہانی مراد جٹ کے گرد گھومتی ہے جو پنجاب پولیس کا ایک افسر ہوتاہے اور اپنے خطرناک سابق ساتھی منور مرزا سے مریم اور اس کے تین بچوں کی حفاظت کی ذمہ داری اٹھاتا ہے، جب یہ خاندان ایک گاؤں میں پناہ تلاش کرتا ہے تو غیر متوقع رشتے بننے لگتے ہیں جو مراد کی زندگی میں محبت، وفاداری اور خاندان کا ایک نیا احساس لاتے ہیں۔
فلم کے بارے میں گفتگوکرتے ہوئے پروڈیوسر اور مرکزی اداکارہ حریم فاروق نے کہاکہ ’’مینگو جٹ‘‘ میرے لیے ناقابل یقین حد تک ذاتی اور اہم فلم ہے، میری پہلی سولو پروڈکشن کے طور پر یہ میرے سفر میں ایک نیا باب ہے، ہم نے اسے بے پناہ محبت اور پنجابی سنیما اور سامعین کی تفریح کرنے کی اس کی صلاحیت پر گہرے یقین کے ساتھ بنایا ہے ،فلم کی ڈسٹری بیوشن ندیم منڈوی والا کریں گے،ہمیں خوشی ہے کہ ندیم مانڈوی والا مینگو جٹ سے منسلک ہیں،ان کا تجربہ، پاکستانی سنیما سے وابستگی اور تھیٹرکے منظر نامے کی سمجھ انہیں ہماری فلم کو ملک بھر کے سامعین تک پہنچانے میں ایک انمول شراکت دار بناتی ہے۔
حریم فاروق نےاس موقع پر مزید کہاکہ حمیم پروڈکشنز کے بینر تلے پروڈیوس اور ندیم مانڈوی والا کی تقسیم کردہ’’ مینگو جٹ‘‘ 16 اکتوبر 2026 کو سنیماؤں میں ریلیزکی جائے گی۔