اسلام آبادمیں سیکیورٹی ہائی الرٹ؛دیگر صوبوں سے نفری پہنچنا شروع
Stay tuned with 24 News HD Android App
(محمد اویس )سیاسی جماعتوں کے اسلام آباد کی جانب ممکنہ لانگ مارچ کے حوالے سےاسلام آباد میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔
وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیاہے،دیگر صوبوں سے نفری اسلام آباد پہنچنا شروع ہوگئی ہے،اسلام آباد میں 22 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات ہونگے۔
اسلام آباد کی سیکیورٹی کی نگرانی پر 8 ڈی آئی جیز، 10 ایس ایس پیز،40 ایس پیز، 58 ڈی ایس پیز اور 246 انسپکٹرز اور سب سیکٹرز تعینات ہونگے۔
ممکنہ مارچ اور دھرنے کے پیش نظر ریڈ زون کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے،اسلام آباد میں 1200 کنٹینرز مختلف شاہراہوں اور اہم مقامات پر نصب کیے گئے ہیں،ان کنٹینرز کواحکامات ملنے پر راستوں کی بندش کے لیے استعمال کیا جائے گا،موٹروے،ترنول،سنجانی سے ریڈ زون تک اہم شاہراہوں پر سیکیورٹی تعینات ہوگی،سری نگر ہائی وے اور ایکسپریس وے پر بھی سیکیورٹی انتظامات ہونگے،بہارہ کہو کے مقام پر کنٹینرز لگا کر کشمیر سے آنے والے راستے بند کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:27ستمبر کا لانگ مارچ؛ تحریک انصاف کی فنڈ ریزنگ معمہ بن گئی
ممکنہ صورتحال کے پیش نظر ریڈ زون کا مارگلہ روڈ سے بھی راستہ بند کیے جانے کا امکان ہے،دیگر علاقوں سے پولیس، ایف سی اور رینجرز اہلکار بھی طلب کیے گئے ہیں،سیکیورٹی اہلکاروں کو اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں ٹھہرایا جائے گا،شہر میں موجود 15 ہزار سے زائد کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی،ریستوران، سرائے اور ہوٹلوں کی بھی نگرانی کی جارہی ہے،پولیس فضائی نگرانی ڈرونز کے ذریعے کرے گی۔اسلام آباد کے داخلی راستوں پر چیکنگ کو مذید سخت کر دیا گیاہے۔