امیر جماعت اسلامی کا20ستمبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان 

Sep 11, 2026 | 23:10:PM
امیر جماعت اسلامی کا20ستمبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)امیر جماعت اسلامی نے 20ستمبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کردیا، حافظ نعیم الرحمان نے پی ٹی آئی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کو لانگ مارچ میں شمولیت کی دعوت دیدی

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے گوجرانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گوجرانوالہ کے تاریخی مقام پر عوام کا سمندر نظر آ رہا ہے، آج پاکستان کے مسائل پر کوئی بولنے والا نہیں ہے، ہمارے کارکنوں نے حکمرانوں کے خلاف طاقتور آواز میں حصہ ڈالا ہے، جماعت اسلامی پاکستان کے غریب عوام کیلئے امید کا پیغام ہے، جماعت اسلامی نے ان کو للکارا ہے جو 79 سال سے عوام کا حق مار رہے ہیں، عوام کے آج کے حالات کا ذمہ دار چھوٹا سا طبقہ ہے، یہ طبقہ انگریزوں کے بنائے جاگیرداروں اور وڈیروں پر مشتمل ہے، یہ غلام در غلام ہیں، قوم کو بھی غلام سمجھتے ہیں، آج بغیر حفاظتی اقدامات انسانوں کو غلام بنا کرکام کروایا جا رہا ہے، مافیاز کی اولادیں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پڑھتے ہیں، غریبوں کا استحصال کرتے ہیں، آج بھی بچے، نوجوان اور بوڑھے بھٹوں پر مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان کاکہناتھا کہ نواز شریف کی ملوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو بھی حقوق نہیں ملتے، ان کی شوگر ملوں میں کام کرنے والے مزدور بھی رجسٹرڈ نہیں ہوتے، مائیں بہنیں مزدوری کرنے پر مجبور ہیں، مریم نواز خاتون ہوتے ہوئے بھی خواتین کا استحصال کرتی ہے، پنجاب میں خواتین سے 6500 زیادتی کے مقدمات رپورٹ ہوئے، ان کاکہناتھا کہ مریم نواز آج لندن میں عوام کے پیسوں سے عیاشی کر رہی ہیں، مریم نواز کو چیلنج ہے لندن کے پورے خرچے کو شو کرو، مریم نواز ان کے چچا اور والد غریبوں کا استحصال کرتے ہیں، ٹیکس ریٹرن اور گوشواروں میں یہ عام کارباری شخص سے بھی کم ظاہر کرتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ تم کہتے ہو عالمی مارکیٹ کے باعث پٹرول کی قیمتیں بڑھی ہیں، عالمی مارکیٹ کی بات سمجھتے ہیں، یہ بتاؤ لیوی اور بھاری ٹیکسز کیوں ہیں؟  یہ مقامی آئل کی قیمت بھی درآمدی آئل کے برابر وصول کرتے ہیں، انہوں نے ایک سال 1567 ارب روپے لیوی وصول کی ہے، سینکڑوں مربع زمینوں کے مالکان حکومت کو ٹیکس نہیں دیتے، تنخواہ دار طبقے سے ہر چیز پر ٹیکس وصول کیا جاتا ہے، عام آدمی کوہسپتالوں میں کوئی سہولت نہیں ملتی، تعلیم خریدنی پڑتی ہے، طالبعلم جس کی کوئی آمدنی نہیں اس سے بھی 135 روپے بھتہ لیا جاتا ہے، ان کا کہناتھا کہ صرف تین فیصد سود کم کر کے لیوی سے کہیں زیادہ آمدنی ہو گی، حکومتی مافیا بینکوں کے مافیا سے مل کر سود ادا کرتا ہے، یہ کہتے ہیں سٹیٹ بینک آزاد ہو گیا ہے، یہ جھوٹ ہے کہ سٹیٹ بینک خودمختار ہے، پی ٹی آئی، ن لیگ، پیپلزپارٹی سمیت سب نے مل کر سٹیٹ بینک کو خودمختار بنایا۔

حافظ نعیم الرحمان کاکہناتھا کہ سود کو چند فیصد کم کر کے لیوی سے جان چھڑائی جا سکتی ہے، حکمران بینکوں، چینی، آٹا،آئی پی پیز مافیا سے بات نہیں کر سکتے، حکمرانو سمجھ جاؤ، جب عوام کا سمندر آیا تو برداشت نہیں کر پاؤ گے، ان کاکہناتھا کہ 20 ستمبر کو تاریخی اسلام آبادلانگ مارچ ہوگا،حکومت نے ہماری ٹیم سے مسلسل مہلت مانگی ہے، حکومت نے کہا ہم مجبور ہیں، پٹرول کی قیمتیں کم نہیں کر سکتے، لاکھوں عوام کا سمندر اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرے گا، اگر لیوی بھتہ ختم نہ ہوا تو فیصلہ اسلام آباد کی سڑکوں پر ہو گا، چاروں اطراف سے اسلام آباد میں داخل ہوں گے، ہم 25 کروڑ عوام کے حقوق کے لیے نکلے ہیں، ہم بڑھتے ہی چلے جائیں گے، آپ کے پاس ایک ہی آپش لیوی کا خاتمہ ہے، لیوی بھتے کو فوری طور پر ختم کرو، آئی پی پیز سے بات کرو، اگر آئی ایم ایف کہتا ہے لیوی لینی ہے تو مریم نواز نے جہاز آئی ایم ایف سے پوچھ کر لیا؟ مریم نواز کو دورہ لندن آئی ایم ایف سے پوچھ کر کیا جا رہا ہے؟ بینکوں کے قرضے آئی ایم ایف سے پوچھ کر معاف ہوتے ہیں؟ ری گیسیفکیشن کے بھی ناجائز معاہدے کیے گئے، 5 لاکھ 38 ہزار ڈالر روزانہ ری گیسفکیشن کی کیپسٹی پیمنٹ لی جا رہی ہے۔