نواز شریف نے ڈاکٹر نجیب نقی کو صدرآزاد کشمیر نامزد کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(راؤدلشاد)سربراہ مسلم لیگ ن محمدنواز شریف نے ڈاکٹر نجیب نقی کو آزاد کشمیر کا صدر نامزد کر دیا۔
ڈاکٹر نجیب نقی آزاد جموں و کشمیر کے نئے صدر ہوں گے۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق نواز شریف نے ڈاکٹر نجیب نقی کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی اور دیگر وزراء کی جانب سے ڈاکٹر نجیب نقی کو صدرآزادجموں وکشمیر نامزد ہونے پر مبارکباددی گئی ہے،مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے پارٹی صدر شاہ غلام قادرنے بھی ڈاکٹر نجیب نقی کو مبارکباددی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے قوم سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑی ہے: وزیراعظم، مکہ مکرمہ پر حملہ ناقابلِ معافی قرار
ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کا تعلق ضلع سدھنوتی کے علاقے پلندری سے ہے،وہ 19 جنوری 1964 کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم ایچی سن کالج سے حاصل کی،کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج لاہور سے ایم بی بی ایس کیا،ان کے والد کرنل محمد نقی خان آزاد کشمیر کے وزیر صحت و خوراک اور قانون ساز اسمبلی کے رکن رہے،ان کے دادا کرنل خان محمد خان کو بابائے پونچھ کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر نجیب نقی نے والد کے انتقال کے بعد 1990 کی دہائی میں عملی سیاست کا آغاز کیا، 1991 سے 1996 تک آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن رہے،1991 سے 1996 کے دوران پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت و منصوبہ بندی و ترقیات رہے، 1996 سے 2001 تک آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن رہے،1996 سے 2001 تک پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے رکن بھی رہے، 2001 سے 2006 تک آزاد کشمیر کونسل کے رکن رہے، 2006 سے 2011 تک آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن رہے،2006 سے 2011 کے دوران وزیر صحت، تعلیم اور آئی ٹی کے قلمدان پر فائز رہے، 2011 سے 2016 تک بھی آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن رہےاس دوران پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے رکن بھی رہے۔
ڈاکٹر نجیب نقی 2016 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر حلقہ ایل اے 21 سدھنوتی پونچھ سے منتخب ہوئے تھے،انہوں نے 25 ہزار 732 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی،2016 سے 2021 تک وہ آزاد کشمیر حکومت میں وزیر صحت اور وزیر خزانہ رہے،ترقیاتی و منصوبہ بندی کے شعبے کا قلمدان بھی ان کے پاس رہاتھا،وہ ماضی میں صحت، تعلیم، آئی ٹی، خزانہ اور منصوبہ بندی کے شعبوں میں حکومتی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔
ڈاکٹر نجیب نقی آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے مختلف ادوار میں پانچ مرتبہ رکن رہ چکے ہیں،2026 کے آزاد کشمیر انتخابات میں وہ مسلم لیگ ن کے امیدوار کے طور پر حلقہ ایل اے 21 سے کامیاب ہوئے،موجودہ اسمبلی ریکارڈ میں ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان حلقہ ایل اے 21 پلندری سدھنوتی سے مسلم لیگ ن کے رکن ہیں،وہ آزاد کشمیر اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے نائب صدر کے طور پر بھی سیاسی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔