نصرت فتح علی خان کی دھن گانا انتہائی مشکل ہے؛دلجیت دوسانجھ
اتنا بڑا گلوکار نہیں کہ ان کی موسیقی کیساتھ انصاف کر سکوں، پرفارمنس محض عظیم قوال کے لیے میری محبت اور عقیدت کا اظہار تھی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)معروف بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے کہا ہے کہ میں اتنا بڑا گلوکار نہیں کہ نصرت فتح علی خان جیساگانا گا سکوں۔
بھارتی گلوکار و اداکار نے حال ہی میں ایک کنسرٹ کے دوران لیجنڈگلوکار نصرت فتح علی خان کی مقبول قوالی ’’سانسوں کی مالا‘‘ پر پرفارم کیا تھا۔اس حوالے سے گلوکار نے انسٹاگرام لائیو کے دوران بات کی اور ایک صارف کے کمنٹ پر اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں خود کو اتنا بڑا گلوکار نہیں سمجھتا کہ نصرت فتح علی خان کی موسیقی کے ساتھ حقیقی انصاف کر سکوں۔
دِلجیت دوسانجھ نے بتایا کہ یہ پرفارمنس محض عظیم قوال کے لیے میری محبت اور عقیدت کا اظہار تھی،اپنی پرفارمنس میں ہونے والی کسی بھی ممکنہ غلطی پر معذرت کرتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا کہ نصرت فتح علی خان کی دھن گانا انتہائی مشکل ہے۔
یہ بھی پڑھیں:’’ٹی وی کاآسکر‘‘؛کامیڈی سیریز’’ویڈوز بے ‘‘نے 14 ایمی ایوارڈز جیت لیے
واضح رہے کہ دِلجیت دوسانجھ پہلے پنجابی فنکار ہیں جنہوں نے لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں پرفارم کیا،انہوں نے ’’آورا ورلڈ ٹور‘‘ کے سلسلے میں 90 ہزار افراد کی گنجائش رکھنے والے ویمبلی اسٹیڈیم میں کھچا کھچ بھرے مجمع کے سامنے پرفارم کیاجہاں انہوں نے اسٹیج پر نصرت فتح علی خان کی معروف قوالی ’’سانسوں کی مالا‘‘بھی پیش کی،ویمبلی میں ہونے والے اس کنسرٹ کے دوران دِلجیت نے اپنے بھارتی مداحوں کے لیے ایک بڑا اعلان بھی کیا کہ وہ 21 نومبر 2026ء کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں پرفارم کریں گے۔