حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے قوم سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑی ہے: وزیراعظم، مکہ مکرمہ پر حملہ ناقابلِ معافی قرار

Sep 16, 2026 | 11:34:AM
حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے قوم سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑی ہے: وزیراعظم، مکہ مکرمہ پر حملہ ناقابلِ معافی قرار
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی گھناؤنی کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل معافی قرار دیا اور کہا کہ حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے پوری قوم سعودیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسجدِ حرام، مکہ المکرمہ کے مقدس مقام پر ہونے والے بزدلانہ اور گھناؤنے ڈرون حملے کی کوشش کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ پاکستان کے عوام اس اشتعال انگیز اور افسوسناک اقدام پر دکھی اور شدید تشویش میں مبتلا ہیں، اس قابلِ مذمت اور ناقابلِ معافی کارروائی کے نتیجے میں ہمارے دلوں میں جو گہرا دکھ، کرب اور اضطراب پیدا ہوا ہے، اسے بیان کرنے کے لیے الفاظ ناکافی ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا ہے ہم سعودی مسلح افواج کی غیرمعمولی مستعدی، شجاعت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس خطرے کا مقابلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا میں الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت کو بڑا دھچکا، اربوں ڈالر کے منصوبے منسوخ

شہباز شریف کا کہنا ہے میں ایک بار پھر تمام فریقین سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے اور مزید کشیدگی کے دہانے سے پیچھے ہٹنے کی اپیل کرتا ہوں، ہمارا خطہ پہلے ہی تنازعات کی بہت بھاری قیمت ادا کرچکا ہے، پائیدار امن کے حصول کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہے۔

انہوں نے لکھا کہ پاکستان برادر اسلامی ملک سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے ساتھ ساتھ حرمین شریفین کی سلامتی اور تقدس کے تحفظ کے لیے پوری ثابت قدمی کے ساتھ سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، یہ ایسا فریضہ ہے جسے ہر پاکستانی اپنے دل کے انتہائی قریب رکھتا ہے۔