حق مہر اور نکاح نامے سے متعلق کیس کا تحریری فیصلہ جاری

Sep 22, 2026 | 15:34:PM
 حق مہر اور نکاح نامے سے متعلق کیس کا تحریری فیصلہ جاری
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( امانت گشکوری)سپریم کورٹ نے حق مہر اور نکاح نامے سے متعلق کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
 فیصلہ جسٹس شاہد وحید نے تحریر کیا، جبکہ جسٹس شاہد بلال حسن نے فیصلے سے اتفاق کرتے ہوئے اضافی نوٹ بھی تحریر کیا۔
سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ بطور حق مہر طے کی گئی جائیداد منتقل نہ ہونے کی صورت میں بھی بیوی کا حق مہر ختم نہیں ہوگا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق بطورحق مہر طے شدہ جائیداد منتقل نہ ہو سکے تو شوہر ذمہ داری سے بری نہیں ہوگا،جائیداد کی طے شدہ قیمت بیوی کو ادا کرنا ہوگی،نکاح نامے میں قیمت درج نہ ہو تو عدالت مارکیٹ ویلیو کا تعین کر سکتی ہے۔
 سپریم کورٹ کے مطابق نکاح محض عام سول یا تجارتی معاہدہ نہیں، حق مہر بیوی کی قیمت یا شادی کا تجارتی معاوضہ نہیں،یہ بیوی کا لازمی، خصوصی اور قابل نفاذ مالی حق ہے،نکاح ایجاب و قبول سے وجود میں آتا ہے نکاح نامہ اس کا سرکاری ریکارڈ ہے،نکاح نامہ شادی کے معاہدے کا بنیادی دستاویزی ثبوت ہے،نکاح نامے کے اندراجات درست ہونے کا قانونی مفروضہ ہوگا،نکاح نامے کا قانونی مفروضہ حتمی نہیں شواہد سے رد کیا جا سکتا ہے۔
سپریم کورٹ کے مطابق مبہم یا متضاد اندراجات کی صورت میں عدالت دیگر قابل قبول شواہد دیکھ سکتی ہے،نکاح نامے کے کالم 13 سے 16 کو باہم مربوط انداز میں پڑھا جائے گا، کالم 13 میں حق مہر نقد یا جائیداد دونوں کی صورت میں درج ہو سکتا ہے،کالم 14 معجل اور مؤجل مہر،کالم 15 ادا شدہ مہر سے متعلق ہے،کالم 16 میں حق مہر کے عوض دی گئی جائیداد کی تفصیل درج ہوگی۔ 

یہ بھی پڑھیں:جماعت اسلامی نے لانگ مارچ مؤخر کرنے کا اعلان کردیا
جسٹس شاہد بلال حسن نے فیصلے سے اتفاق کرتے ہوئے اضافی نوٹ تحریرکیاکہ فریقین کی نیت کا تعین بنیادی طور پر نکاح نامے سے کیا جائے،بعد کے زبانی دعوؤں کو نکاح نامے پر فوقیت نہیں دی جانی چاہیے،نکاح نامہ لازمی قانونی فارم ہے ہر کالم کا الگ مقصد ہے، نکاح رجسٹرار تمام متعلقہ کالم احتیاط سے مکمل کریں، جائیداد بطور مہر ہو تو مکمل تفصیل اور قیمت درج کی جائے،اہم شرائط دستخط سے پہلے فریقین کو پڑھ کر سنائی جائیں،کسی کالم کو بلاوجہ خالی نہ چھوڑا جائے۔
سپریم کورٹ کے مطابق انفرادی مقدمات میرٹ پر الگ بنچز سنیں گے۔