گھی اور کوکنگ آئل کی کم از کم ریٹیل قیمت مقرر،نوٹیفیکیشن جاری

Sep 22, 2026 | 15:53:PM
گھی اور کوکنگ آئل کی کم از کم ریٹیل قیمت مقرر،نوٹیفیکیشن جاری
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیونےگھی اور کوکنگ آئل کی کم از کم ریٹیل قیمتیں مقرر کردیں, آئندہ کوکنگ آئل اور گھی مینوفیکچررز سے اس مقررہ قیمت پر ٹیکس وصولی ہوگی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے تحت مقامی طور پر تیار کردہ سبزیوں اور حیوانی چکنائی و تیل، گھی اور کوکنگ آئل کی کم از کم قیمت مقرر کی گئی ہے۔
ایف بی آر کے نوٹیفکیشن کے مطابق کم از کم قیمت پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ہفتہ وار حساس قیمت اشاریے کے تحت گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے کی اوسط قومی ریٹیل قیمت میں سے 25 روپے فی کلو کم کرکے مقرر کی جائے گی ،تاہم 25 روپے فی کلو کی یہ رعایت صرف ان رجسٹرڈ افراد کو حاصل ہوگی جو ایف بی آر کے ڈیجیٹل انوائسنگ اور پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم کے ساتھ مطابقت رکھتے ہوں۔
نوٹیفکیشن کے تحت گھی اور کوکنگ آئل کے برینڈز کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، کیٹیگری اے میں ڈالڈا، حبیب، صوفی، میزان، سویا سپریم اور ایوا شامل ہیں، جن کی کم از کم قیمت اوسط قومی ریٹیل قیمت کے 100 فیصد کے برابر ہوگی، کیٹیگری بی میں من پسند، حبیب ہانڈی، سیزنز، کشمیر، کوثر، شاہ تاج، کسان، شفق اور سلطان شامل ہیںجن کی قیمت اوسط قیمت کے 93 فیصد کے برابر ہوگی، جبکہ کیٹیگری سی میں دیگر تمام برینڈز شامل ہیں جن کی کم از کم قیمت اوسط قیمت کے 85 فیصد کے برابر مقرر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:حق مہر اور نکاح نامے سے متعلق کیس کا تحریری فیصلہ جاری
ایف بی آر کے مطابق اگست 2026 کے لیے پی بی ایس پورٹل پر 26 جولائی 2026 کو شائع شدہ قیمتوں کی بنیاد پر اوسط قیمت 613 روپے فی لیٹر/کلو بنتی ہے اس میں سے 25 روپے کم کرنے کے بعد کم از کم ریٹیل قیمت 588 روپے فی کلو مقرر کی گئی۔
ستمبر 2026 کے لیے کیٹیگری اے کی کم از کم قیمت 588 روپے، کیٹیگری بی کی 547 روپے جبکہ کیٹیگری سی کی 500 روپے فی لیٹر/کلو مقرر کی گئی ہے، بعد کے مہینوں کے لیے ریٹیل قیمت کا تعین بھی اسی طریقہ کار کے تحت کیا جائے گا۔
 ایف بی آر کا یہ نوٹیفکیشن نومبر 2026 کے ٹیکس پیریڈ تک نافذ العمل رہے گا۔