پولیس ویری فکیشن سرٹیفکیٹ کے حصول کا عمل آسان اور تیز کر دیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 ںیوز) سندھ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پولیس ویری فکیشن سرٹیفکیٹ کے حصول کا عمل آسان اور تیز کردیا ہے، شہری اس آسان طریقہ کار کے تحت کسی جھنجھٹ کے بغیر گھر بیٹھے آن لائن درخواست دے کر سرٹیفکیٹ حاصل کرسکتے ہیں۔
سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا طریقہ:
پولیس ویری فکیشن سرٹیفکیٹ کے لیے درخواست دینے کے لیے سب سے پہلے موبائل فون یا کمپیوٹر پر گوگل کھولیں اور سندھ پولیس کی ویب سائٹ پر جائیں،ویب سائٹ کھلنے کے بعد ہوم پیج پر موجود آن لائن سروسز کے آپشن میں جاکر ’’گیٹ یور ویری فکیشن سرٹیفکیٹ‘‘ پر کلک کرنا ہوگا۔
اگر کوئی شہری پہلی مرتبہ درخواست دے رہا ہے تو اسے ’نیو ایپلیکیشن‘ کے آپشن کا انتخاب کرنا ہوگا، جس کے بعد درخواست گزار سے ذاتی معلومات طلب کی جائیں گی۔
درخواست کے پہلے مرحلے میں شہری کو اپنا مکمل نام، والد کا نام، تاریخ پیدائش، شناختی کارڈ نمبر، شناختی کارڈ کے اجرا اور میعاد ختم ہونے کی تاریخ، موبائل فون نمبر اور موجودہ رہائشی پتہ درج کرنا ہوگا۔
اس کے علاوہ یہ بھی بتانا ہوگا کہ درخواست گزار کب سے مذکورہ پتے پر رہائش پذیر ہے, اس کے بعد درخواست گزار کو اپنا ضلع منتخب کرنا ہوگا جبکہ ملک کے آپشن میں پاکستان کا انتخاب کرنا ہوگا اگر پولیس ویری فکیشن سرٹیفکیٹ کسی دوسرے ملک میں استعمال کرنے کے لیے درکار ہے تو متعلقہ ملک کا نام بھی درج کرنا ہوگا۔
درخواست کے اگلے مرحلے میں ضامنوں کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی، اس حصے میں دو ضامنوں کی معلومات درج کرنا ضروری ہے، جن میں ان کا مکمل نام، والد کا نام، شناختی کارڈ نمبر، رابطہ نمبر اور رہائشی پتہ شامل ہے۔
اس کے بعد درخواست گزار کو مطلوبہ دستاویزات آن لائن اپ لوڈ کرنا ہوں گی، جن میں پاسپورٹ سائز تصویر، یوٹیلیٹی بل کی نقل اور ویری فکیشن سے متعلق دیگر ضروری دستاویزات شامل ہیں، تمام معلومات اور دستاویزات مکمل طور پر درج اور اپ لوڈ کرنے کے بعد ‘Submit’ کے بٹن پر کلک کرنا ہوگا۔
یوں پولیس ویری فکیشن سرٹیفکیٹ کے لیے آن لائن درخواست جمع ہوجائے گی اور شہری کو دفتر کے چکر لگانے کے بجائے گھر بیٹھے درخواست دینے کی سہولت میسر آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم کابلوچستان میں دہشتگردوں کیخلاف کامیاب کارروائیوں پرفورسز کوخراج تحسین