بلوچستان میں ’’آپریشن شعبان‘‘ ،96گھنٹوں میں فتنہ الہندوستان کے 71 سے زائد دہشتگرد جہنم واصل

صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا

Sep 27, 2026 | 15:09:PM
بلوچستان میں ’’آپریشن شعبان‘‘ ،96گھنٹوں میں فتنہ الہندوستان کے 71 سے زائد دہشتگرد جہنم واصل
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(احمدمنصور)بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ کے علاقے شعبان اور زیارت کے گردونواح میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ’’آپریشن شعبان‘‘ کا آغاز کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ’’فتنہ الخوارج‘‘ اور ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کے ٹھکانوں پر کارروائی کرتے ہوئے 33 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ 

بیان کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران آپریشن میں شدت لائی گئی، جس کے نتیجے میں مزید 23 غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

ضلع نوشکی میں بھی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں سکیورٹی فورسز نے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مند میں کارروائی کے دوران ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کے 6 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاک بحریہ کی زیرِ آب جنگی صلاحیت کا اہم سنگِ میل،آبدوز ہنگور سے اینٹی شپ کروز میزائل داغ دیا گیا

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 71 سے زائد بھارتی و افغان اسپانسرڈ دہشت گرد ہلاک کیے گئے،سکیورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کردیا ہے۔

بیان کے مطابق شعبان اور دیگر علاقوں میں تمام دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اپیکس کمیٹی کے ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں تمام تر عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔

صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے بلوچستان میں متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔

صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے کلیئر کرنا سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت قوم کا سرمایہ ہیں،دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔