خاران اور واشک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ؛ فتنہ الہندوستان کے 11 دہشت گردہلاک
2.9 ٹن دھماکہ خیز مواد بھی برآمد، دہشت گرد وں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں؛آئی ایس پی آر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمدمنصور)سکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے 11 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق 6 اور 7 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں بھارتی پراکسی ’’فتنۃ الہندوستان‘‘ سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے ،ان آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق 6 ستمبر کو دہشت گردوں نے خاران میں سڑک بلاک کرنے اور مقامی ٹریفک میں خلل ڈالنے کی کوشش کی جس پرسیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو روکا اور مؤثر انداز میں انگیج کیا، کارروائی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 8 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق 7 ستمبر کو واشک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر منصوبہ بندی کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا،اس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی کمین گاہ کو مؤثر انداز میں تباہ کیا،شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا،سیکیورٹی فورسز نے 2.9 ٹن دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کر لیاجو دیسی ساختہ بم تیار کرنے میں استعمال کیا جا رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:بینک اور مالیاتی ادارے کسانوں، ایس ایم ایز اور ہاؤسنگ سیکٹر کو قرضوں کی فراہمی میں کردار ادا کریں: وزیراعظم
آئی ایس پی آرکے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی کمین گاہ کو مؤثر انداز میں تباہ کیا،بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد وں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔