بنگلادیش: بچوں کی لڑائی پر پولیس کانسٹیبل نے 8 سالہ بچے کی انگلی کاٹ دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بنگلادیش میں بچوں کی لڑائی پر پولیس کانسٹیبل نے 8 سالہ بچے کی انگلی کاٹ دی، جس کے بعد پولیس کانسٹیبل شکیل اور اس کی اہلیہ نسرین کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ جمعرات کی دوپہر نٹور شہر میں پیش آیا۔ زخمی بچے بایزید کو ابتدائی طبی امداد کے لیے نٹور صدر اسپتال لے جایا گیا، جہاں سے تشویشناک حالت کے باعث اسے راجشاہی میڈیکل کالج اسپتال منتقل کردیا گیا۔
بچے کے والد نے جمعرات کی رات نٹور صدر تھانے میں مقدمہ درج کروایا، جس کے بعد پولیس نے جمعہ کی صبح شکیل احمد اور اس کی اہلیہ کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا۔
پولیس اور مقامی افراد کے مطابق شکیل احمد نٹور میں تعینات ہے اور اپنی اہلیہ اور 4 سالہ بیٹی کے ہمراہ بایزید کے خاندان کے گھر کی دوسری منزل پر کرائے کے فلیٹ میں رہتا تھا۔
بدھ کی رات بایزید کے گھر میں ایک خاندانی پکنک کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں شکیل کی بیٹی بھی شریک تھی۔ دونوں بچے کھیل رہے تھے کہ ان کے درمیان جھگڑا ہوگیا، تاہم خاندانوں نے اسی وقت معاملہ ختم کروا دیا۔
پولیس کے مطابق شکیل مبینہ طور پر اس واقعے پر ناراض رہا اور اگلی دوپہر بایزید کو زبردستی اپنے فلیٹ میں لے گیا، جس کے کچھ دیر بعد بچہ روتا ہوا گھر واپس آیا۔ اس کے دائیں ہاتھ کی ایک انگلی کا کچھ حصہ کٹا ہوا تھا اور خون بہہ رہا تھا۔
بچے نے اپنی والدہ کو بتایا کہ شکیل نے اس کا ہاتھ بستر کے پائے پر رکھا اور سبزیاں کاٹنے والی چھری سے اس کی انگلی کاٹ دی، بایزید کی والدہ نے پڑوسیوں کی مدد سے اسے پہلے نٹور صدر ہسپتال پہنچایا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈاکٹروں نے اسے بہتر علاج کے لیے راجشاہی میڈیکل کالج ہسپتال منتقل کردیا۔
ڈاکٹر نے بتایا کہ بچے کو دائیں ہاتھ کی انگلی کا کچھ حصہ کٹی ہوئی حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا۔ ابتدائی علاج کے بعد اسے راجشاہی منتقل کیا گیا۔
متاثرہ بچے کے والد نے کہا کہ شکیل ان کے گھر میں کرائے پر رہتا تھا اور دونوں بچے اکثر ایک ساتھ کھیلتے تھے۔ ان کے مطابق پکنک کے دوران بچوں کا جھگڑا معمولی نوعیت کا تھا اور دونوں خاندانوں نے معاملہ پہلے ہی حل کرلیا تھا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس کے باوجود کانسٹیبل نے ان کے بیٹے کو اپنے فلیٹ میں بند کرکے شدید زخمی کیا اور وہ واقعے میں انصاف چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا پی ٹی آئی کا مارچ ملتوی ہونے پر مزاحیہ تبصرہ