اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفارت خانہ اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے گرین لیگیسی' کا آغاز کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفارت خانہ اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے گرین لیگیسی' کا آغاز کر دیا۔
پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر ایچ اوبا نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا دورہ کیا اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر محمود کے ہمراہ یونیورسٹی میں ایتھوپیا کے 'گرین لیگیسی انیشیٹو' کا افتتاح کیا۔
اس اقدام کا مقصد ایتھوپیا کے سفارت خانہ اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے مابین دوستی کے پودے لگا کر دوستانہ تعلقات کو فروغ دینا تھا۔
اس موقع پر ایتھوپیائی سفیرِ نے یونیورسٹی کی فیکلٹی کے ساتھ ایک نشست میں شرکت کی۔
ڈاکٹر عمر ایچ اوبا نے موسمیاتی تبدیلیوں کی روک تھام، جنگلات کے رقبے کی بحالی، غذائی تحفظ کو یقینی بنانے اور ملک کے لیے 'گرین اکانومی' (ماحول دوست معیشت) کے قیام میں 'گرین لیگیسی انیشیٹو' کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
یہ بھی پڑھیئے: طوفانی بارش اور فلیش فلڈ ؛ ایک خاتون تین بچےجاں بحق، 15 مکان تباہ، مویشی بہہ گئے
سفیر نے شرکاء کو پاکستان کے ساتھ ایتھوپیا کے تاریخی تعلقات، تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشت، آبادیاتی فوائد، ثقافت اور سیاحت کے امکانات کے بارے میں بھی مختصر جائزہ پیش کیا۔
انہوں نے سائنسی اور پیشہ ورانہ تعلیم، زرعی علوم میں مشترکہ تحقیق، اور فیکلٹی و طلبہ کے تبادلے کے پروگراموں کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے ادارہ جاتی روابط قائم کرنے پر زور دیا۔
ایتھوپیائی سفیر نے ایتھوپیا میں جاری تعلیمی انقلاب سے آگاہ کیا۔
تعلیمی انقلاب کے تحت تعلیمی اداروں کی تعداد اور شرح خواندگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ایتھوپیا کے سفیر نے تعلیمی برادری پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر محمود نے ایتھوپیا کی سماجی و اقتصادی ترقی کو سراہا۔
ڈاکٹر ناصر محمود نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کا ذکر کیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلیمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے ایتھوپیا سمیت افریقہ کے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے حکومتِ پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایتھوپیا میں اس کے ہم منصب اداروں کے درمیان ادارہ جاتی روابط قائم کر کے دوطرفہ تعلقات میں پیدا ہونے والی اس پیش رفت اور رفتار کو برقرار رکھا جائے گا۔