پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی اورریلیف اسکیم پر عملدرآمد سے متعلق اجلاس 

بلا تعطل فراہمی اور وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم پر مؤثر عملدرآمد حکومت کی اولین ترجیح ہے؛علی پرویز ملک

Sep 24, 2026 | 13:12:PM
 پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی اورریلیف اسکیم پر عملدرآمد سے متعلق اجلاس 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( اویس کیانی)وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیرِ صدارت پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی اور وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم پر عملدرآمد سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں ملک بھر میں ایندھن کی مسلسل دستیابی اور ممکنہ رکاوٹوں سے نمٹنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم پر پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشنز کے مکمل تعاون پر وفاقی وزیر کی جانب سے اظہار تشکرکیاگیا،اس موقع پر انہوں نے ایندھن کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے پیشگی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ امن و امان کی صورتحال یا سڑکوں کی بندش کی صورت میں پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل متاثر نہ ہونے دی جائے۔ وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہاکہ متعلقہ ادارے پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل اور سپلائی کے لیے پیشگی انتظامات یقینی بنائیں۔
ایڈیشنل سیکریٹری ریلوے نے یقین دہانی کروائی کہ پاکستان ریلوے سڑکوں کی بندش کی صورت میں ڈیزل کی ترسیل کے لیے زیادہ سے زیادہ ٹرین بوگیاں دستیاب کرے گا خصوصاً خیبرپختونخوا میں سپلائی کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
 پی ایس او کو ڈپوؤں پر وافر مقدار میں ایندھن کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے پیشگی انتظامات کی ہدایت کی گئی ،پی ایس اوکے مطابق ممکنہ تعطل کے پیش نظر اہم ڈپوؤں پر اضافی پٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ پہلے ہی کرلیا گیاہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل دستیابی کے لیے اوگرا کا خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کردیاگیاہے، وفاقی وزیرپیٹرولیم نے کہاکہ اٹک ریفائنری کو خام تیل کی مسلسل فراہمی اور تیار مصنوعات کی ترسیل یقینی بنانے کے اقدامات کیے جائیں ۔

یہ بھی پڑھیں:مقدمات کے جلد فیصلوں کیلئے چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت کا بڑا فیصلہ
وفاقی وزیرکوبریفنگ میں بتایاگیاکہ وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت 10 ہزار پٹرول پمپس میں سے 8500 سے زائد کو ادائیگیاں کردی گئی ہیں،پیٹرول پمپس کو ادائیگیوں کا عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے،وفاقی وزیرنے ہدایت کی کہ اکاؤنٹ نمبرز میں معمولی مسائل سمیت تمام رکاوٹیں فوری دور کرکے باقی پٹرول پمپس کی ادائیگیاں مکمل کی جائیں، اہل صارفین کو فیول ریلیف سے محروم کرنے والے پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کی جائے۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشننے  وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے کامیاب عملدرآمد پر حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ چیئرمین پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن ملک خدا بخش نے کہاہے کہ اسکیم کامیابی سے جاری ہے، حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے،ہمایوں خان اور نعمان بٹ نے کہاکہ پٹرول پمپ مالکان کو اعتماد میں لینے پر حکومت کے شکر گزار ہیں، اسکیم کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
 چیئرمین او سی اے سی نوید تنویر عباسی نے کہاکہ وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا اچھا اقدام ہے۔
وفاقی وزیر نے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قریبی رابطہ اور مؤثر تعاون یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی اور وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم پر مؤثر عملدرآمد حکومت کی اولین ترجیح ہے۔