موٹر وے ایم ون اسلام آباد ٹول پلازہ تا چھچھ بند کر دی گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) موٹر وے ایم ون اسلام آباد ٹول پلازہ تا چھچھ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پشاور موٹروے ایم ون اسلام آباد کو اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک دونوں اطراف ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔
ہیوی ٹرالرز سے چھچھ انٹرچینج جانے والے راستے کو بند کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہیوی ٹرالرز راستے میں کھڑے کرکے اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج جانے والی موٹروے کو بند کیا گیا ہے، جس کے باعث موٹروے پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق ایم ون پر اسلام آباد ٹول پلازہ، فتح جنگ، ترنول، سنگجانی، براہمہ باہتر، برہان، ہزارہ موٹروے، غازی اور چھچھ انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی فوج نے فلسطینی اتھارٹی کے کرنل کو گرفتار کر لیا
موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور دستیاب متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام کی جانب سے ایم 14 ہکلہ سے کنڈل تک دونوں اطراف ٹریفک بند رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ جی ٹی روڈ این 5 کو اٹک خورد کے مقام پر بند کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ سڑکیں تاحکم ثانی بند رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب لاہور سے اسلام آباد آنے والی ایم ٹو پر ہیوی ٹریفک اور کارگو گاڑیوں کے اسلام آباد داخلے پر پابندی عائد کیے جانے کی اطلاعات ہیں، جبکہ بڑی گاڑیوں کیلئے متبادل راستہ جی ٹی روڈ مقرر کیا گیا ہے۔
احتجاجی قافلوں کو اسلام آباد داخل ہونے سے روکنے کی حکمت عملی تیار
سیاسی جماعتوں کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر خیبرپختونخوا سے وفاقی دارالحکومت آنے والے راستوں کا سروے مکمل کرلیا گیا، جبکہ احتجاجی قافلوں کو اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے حکمت عملی بھی تیار کرلی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا سے اسلام آباد آنے والے اہم راستوں، بالخصوص موٹروے اور جی ٹی روڈ پر احتجاجی قافلوں کی ممکنہ آمد روکنے کیلئے مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 26 نمبر چونگی اور مارگلہ ٹیکسلا کے قریب خندقیں کھودی جائیں گی، جبکہ خیبرپختونخوا سے اسلام آباد آنے والے دیگر راستوں پر بھی رکاوٹیں قائم کی جائیں گی۔
حکام کی جانب سے ممکنہ احتجاجی قافلوں کی آمد کے پیش نظر اسلام آباد کے داخلی راستوں پر سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق متعلقہ اداروں کو اہم داخلی و خارجی راستوں پر صورتحال کی نگرانی اور ممکنہ احتجاجی سرگرمیوں سے نمٹنے کیلئے ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ احتجاجی قافلوں کی ممکنہ نقل و حرکت کے پیش نظر اسلام آباد آنے والے راستوں پر سکیورٹی اور ٹریفک پلان کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
موبائل و انٹرنیٹ سروسز ’ڈاؤن گریڈ‘ کرنے کی تجویز
راولپنڈی ریجن میں 27 ستمبر سے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کو ڈاؤن گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنجاب محکمہ داخلہ نے وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ بھیجا ہے، جس میں راولپنڈی کے مخصوص مقامات پر 2G، 3G اور 4G نیٹ ورک کی جیمنگ جبکہ اٹک میں بھی موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
مراسلے میں موٹروے پر براہمہ باہتر، گنجو، احاطہ، ٹیکسلا سٹی، واہ صدر، تھلیاں اور چکری کے علاقوں میں موبائل و انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ یا جیمنگ کی درخواست کی گئی ہے۔