متحدہ عرب امارات نے ایرانی بینک پر پابندی لگا دی

Sep 23, 2026 | 23:56:PM
متحدہ عرب امارات نے ایرانی بینک پر پابندی لگا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)   متحدہ عرب امارات نے ایرانی بینک پر پابندی لگا دی
 متحدہ عرب امارات نے بینک ملّی ایران کی تمام شاخوں کو ایران سے مالی لین دین، ٹریڈ فنانس اور رقوم کی منتقلی سے روک دیا ہے۔ 

 یہ پابندی متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے عائد کی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق امارات کے مرکزی بینک نے یہ اقدام متحدہ عرب امارات میں نافذ قوانین، ضوابط اور نگران ادارے کے فیصلوں کی خلاف ورزیوں کے بعد کیا ہے۔۔

امارات کے مرکزی بینک نے کہا  ہے کہ ملّی بینکایران  کی متحدہ عرب امارات میں تمام شاخوں پر ایران سے کسی بھی قسم کے مالی لین دین، تجارت کے لیے مالی معاونت اور رقوم کی منتقلی پر پابندی عائد کردی گئی۔

 یہ فیصلہ بینک کی سرگرمیوں کے مفصل معائنے کے نتائج اور گورنر کو حاصل قانونی اختیارات کے تحت کیا گیا۔ خلاف ورزیوں میں منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی مالی معاونت اور جوہری و دیگر حساس سرگرمیوں کے پھیلاؤ کی مالی معاونت سے متعلق قوانین اور تقاضوں کی عدم تعمیل بھی شامل ہے۔

امارات کے مرکزی بینک نے واضح کیا کہ پابندی کے بعد متحدہ عرب امارات میں موجود بینک ملّی ایران کی تمام شاخیں ایران سے متعلق مالی لین دین، بشمول ٹریڈ فنانس اور فنڈ ٹرانسفرز، انجام نہیں دے سکیں گی۔

 یہ بھی پڑھیئے:  اسرائیلی فوج نے فلسطینی اتھارٹی کے کرنل کو گرفتار کر لیا

یہ اقدام ایران اور امریکہ کے درمیان جاری جنگ اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران سامنے آیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق متحدہ عرب امارات نے اگست میں بھی ایران کے ساتھ تجارتی اور مالی روابط محدود کیے تھے، جبکہ امریکی حکام نے اسی ماہ بینک ملی سے منسلک ایک شخص پر پابندیاں عائد کی تھیں۔

اماراتی مرکزی بینک نے کہا ہے کہ وہ ملک کے مالیاتی نظام کی سلامتی اور شفافیت برقرار رکھنے کے لیے نگرانی کا عمل مزید مضبوط کرے گا اور مالیاتی اداروں سے بین الاقوامی معیار کے مطابق قوانین پر عمل درآمد یقینی بنائے گا۔