یومِ دفاع و شہدا: متحد قوم کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی: صدر زرداری

Sep 06, 2026 | 09:01:AM
یومِ دفاع و شہدا: متحد قوم کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی: صدر زرداری
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر قومی تاریخ میں عظیم قربانیوں، عزم اور حوصلے کی یادگار ہے، یومِ دفاع و شہدا ہمیں وطن کے عظیم سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ 1965ء میں پاک افواج نے دشمن کے مذموم عزائم کو ہر محاذ پر ناکام بنایا، جبکہ شہدا نے اپنے خون سے شجاعت، بہادری اور حب الوطنی کی لازوال داستانیں رقم کیں، 6 ستمبر 1965ء کا قومی اتحاد اور جذبۂ ایمانی ہماری اجتماعی قوت کا مظہر ہے اور متحد قوم کے عزم کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ معرکۂ حق کی فتح 6 ستمبر کے جذبۂ حب الوطنی اور آزادی کا تسلسل ہے، معرکۂ حق میں کامیابی پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور بہادری کا ثبوت ہے۔

صدر مملکت کے مطابق پاکستان خطے میں امن و سلامتی کے استحکام کے لیے ایک مؤثر اور ذمہ دار ستون بن کر ابھرا ہے اور اپنی سرحدوں سے آگے بھی امن، استحکام اور اجتماعی سلامتی کے لیے کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔

یہ بھی پڑھیں:3 امریکی حمایت یافتہ بحری جہاز اور 3 آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا گیا:پاسداران انقلاب

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پوری قوم آج بھی اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، مضبوط دفاع کے ساتھ معاشی استحکام اور قومی یکجہتی بھی پاکستان کی طاقت کی اساس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ملکی سلامتی کے دفاع کے عزم کی تجدید کرتے ہیں، قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کے مطابق پاکستان کو مضبوط، جمہوری اور خوشحال ریاست بنانا ہمارا مقصد ہے۔