محسن نقوی کا شہید نائب صوبیدار محمد جمیل کو خراج عقیدت، 19 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے والوں کی ستائش
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور) بلوچستان کے علاقوں شعبان، کوئٹہ ویسٹ اور کیچ میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کےدہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز مکمل کرنے پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے آج شام کہا کہ 19 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی جرات اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی ستائش کرنا ہم سب پر واجب ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں امن دشمنوں کے خلاف پوری قوت سے آپریشنز جاری ہیں۔ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ نے خوارجیوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے صوبیدار محمد جمیل کو خاص طور سے خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ صوبیدار محمد جمیل نے قوم کے پرامن مستقبل کے لئے اپنا آج قربان کرکے اعلیٰ قابل تقلید مثال قائم کی۔ صوبیدار محمد جمیل نے وطن پر جان نثار کرکے شہادت کا عظیم رتبہ پایا۔
انہوں نے بتایا کہ دہشتگردوں سے مقامی آبادی کو محفوظ رکھنے کے لئے آپریشن کیا جا رہا ہے۔ اس کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا۔ سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے کلئیر کروائے۔
مصدقہ اطلاعات کے مطابق شعبان میں جاری کارروائی میں اب تک 13 دہشتگردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے ۔
دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے بڑی مقدار میں ہتھیار اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔
اس آپریشن میں دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے نائب صوبیدار محمد جمیل شہید ہوئے ہیں۔
شہید نائب صوبیدار محمد جمیل کی عمر 39 سال ہے ، ان کا تعلق تونسہ شریف، ضلع ڈیرہ غازی خان سے تھا۔