برآمدات میں 18 فیصد اضافہ۔جون میں ریکارڈ ایکسپورٹ ہوئی۔۔، عبدالرزاق داﺅد

Jul 01, 2021 | 19:28:PM
 برآمدات میں 18 فیصد اضافہ۔جون میں ریکارڈ ایکسپورٹ ہوئی۔۔، عبدالرزاق داﺅد
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

  (24نیوز)وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرازق داؤد نے کہا ہے کہ پاکستان کی برآمدات میں 18 فیصد اضافہ ہوا ہے ،گزشتہ مالی سال برآمدات 25 ارب تیس کروڑ ڈالر رہیں ،رواں مالی سال میں فارماسیوٹیکل ، فٹ ویئر ، ٹورزم ، فوڈ پراسیسنگ ، اور فائبر آپٹکس کے ٹیرف میں کمی کی ہے، اگلے سال زراعت آئرن واسٹیل اور وئیر ہاو¿سنگ کے ٹیرف میں کمی کی جائے گی۔
جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر تجارت عبدالرازق داؤد نے بتایاکہ جون کے مہینے میں 2 ارب 70 کروڑ ڈالر کی ریکارڈ برآمدات ہوئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس سال کوویڈ بھی تھا، باہر جانے کے بھی مسائل تھے ،اس کے باوجود ریکارڈ برآمدات ہوئیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں برآمد کنندگان کو سلیوٹ کرتا ہوں،برآمدات میں اضافے میں وزیر اعظم، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک کا بھی اہم کردار ہے ۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال خدمات کی برآمدات سے چھ ارب ڈالر کی آمدن ہوئی ہے ،خدمات میں آئی ٹی کا حصہ دو ارب ڈالر ہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال آئی ٹی برآمدات میں 43 فیصد اضافہ ہوا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹیرف میں خامیوں اور کوتاہیوں کو ختم کیا ،ٹیرف ٹیکس وصولی بڑھانے کیلئے نہیں ہوتا بلکہ صنعتی ترقی کیلئے استعمال کرنا ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی مہربانی کہ انہوں نے ٹیرف ایف بی آر سے نکال کر وزارت تجارت کے حوالے کر دیا۔ وزارت تجارت نے ٹیرف کو صنعتی بحالی کیلئے استعمال کیا ،ٹیرف کو تبدیل کرنا آسان نہیں ہے ،یہ ایک سال میں نہیں ہو سکتا ۔
انہوں نے کہا کہ کسٹمز بک میں 7 ہزار ٹیرف لائنز ہیں ،گزشتہ تین سالوں میں 6 ہزار ٹیرف لائنز تبدیل کی گئیں ۔انہوں نے کہا کہ خام مال اور مشینری کی 42 فیصد درآمدات ڈیوٹی فری ہو گئی ہے ،ٹیرف میں ابھی بھی مزید کمی کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگلے سال زراعت آئرن واسٹیل اور وئیر ہاو¿سنگ کے ٹیرف میں کمی کی جائے گی ،رواں مالی سال میں فارماسیوٹیکل ، فٹ ویئر ، ٹورزم ، فوڈ پراسیسنگ ، اور فائبر آپٹکس کے ٹیرف میں کمی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سال ٹریکٹرز کی پیداوار بڑھ گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹریکٹرز افریقہ برآمد ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل کی بھی ایکسپورٹ کا بھی رجحان آ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ازبکستان کے ساتھ سلک روڈ پالیسی بنائی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 15 جولائی کو ازبکستان کا دورہ کرونگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال درآمدات میں اضافہ ہوا جو اب 56 ارب ڈالر کی ہیں ،گزشتہ مالی سال ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی گندم اور چینی کی درآمد ہوئی ،کپاس کی درآمد بھی ایک ارب ڈالر سے زائد رہی ،تاہم مشینری کی درآمد 8 ارب ڈالر سے زیادہ رہی ہے ۔
مشیر تجارت نے کہا کہ ٹیرف میں کمی سے رواں مالی 42 ارب روپے کی ٹیکس کمی آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال ٹیکسٹائل کی برآمدات میں اضافہ ہوا ۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی برآمدات 18.4 ارب ڈالر کی رہیں ۔انہوں نے کہا کہ فارماسیوٹیکل کی برآمدات میں 17 فیصد اضافہ ہوا ہے ،تانبے کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے ،چاول کی برآمدات میں 8 فیصد کمی ،پلاسٹک اشیا کی برآمدات میں 6 فیصد کمی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ جی ایس پی پروگرام ٹریک پر ہے ۔
یہ بھی پڑھیں۔اوباشوں نے2کمسن لڑکیوں کو اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا