چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب اور دسترس فاؤنڈیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

Sep 28, 2026 | 11:29:AM
چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب اور دسترس فاؤنڈیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت بچوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب اور دسترس فاؤنڈیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب و رکن صوبائی اسمبلی سارہ احمد (تمغۂ امتیاز) اور چیئرپرسن دسترس فاؤنڈیشن شائزا شاہد نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

اس موقع پر چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق ہر بچے کو تحفظ، عزت، تعلیم اور بہتر مستقبل کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے،انہوں نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات، عوامی آگاہی اور مختلف اداروں کے درمیان باہمی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت بچوں کے تحفظ سے متعلق آگاہی، کمیونٹی آؤٹ ریچ، مدارس اور کمیونٹی تعلیمی اداروں کے ساتھ روابط اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعدادِ کار بڑھانے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے، اس سلسلے میں بچوں کے لیے سہ ماہی بنیادوں پر چائلڈ پروٹیکشن اور چائلڈ رائٹس آگاہی سیشنز منعقد کیے جائیں گے، جن میں بچوں کے حقوق، ذاتی حفاظت، گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ، مثبت رویوں، آن لائن تحفظ اور تشدد و استحصال سے بچاؤ جیسے اہم موضوعات شامل ہوں گے۔

معاہدے کے مطابق دسترس فاؤنڈیشن متعلقہ مدارس اور کمیونٹی تعلیمی اداروں میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی آگاہی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے معاونت فراہم کرے گی، اس کے علاوہ والدین، اساتذہ، نگہداشت کنندگان، مذہبی و کمیونٹی رہنماؤں کے لیے بھی مشترکہ آگاہی پروگرام منعقد کیے جائیں گے تاکہ بچوں کے تحفظ کے حوالے سے معاشرتی شعور کو فروغ دیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج نہ کرنے کی ہدایت

مفاہمتی یادداشت کے تحت چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے اساتذہ کے لیے سہ ماہی تربیتی سیشنز کا بھی اہتمام کیا جائے گا، جن میں کلاس روم مینجمنٹ، مثبت نظم و ضبط، بچوں دوست تدریسی طریقوں، بچوں سے مؤثر رابطے اور تحفظ سے متعلق خدشات کی بروقت نشاندہی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے صرف کسی ناخوشگوار واقعے کے بعد ردِعمل دینا کافی نہیں بلکہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے پیشگی اقدامات ناگزیر ہیں، بچوں کے ساتھ براہِ راست کام کرنے والے اساتذہ اور دیگر متعلقہ افراد کی تربیت مؤثر چائلڈ پروٹیکشن نظام کی بنیاد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کے تحفظ کا پیغام معاشرے کے ہر طبقے، بالخصوص والدین، اساتذہ، مذہبی اور کمیونٹی رہنماؤں تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے، تعلیمی اداروں اور مدارس میں آگاہی سرگرمیوں کے ذریعے بچوں کو ان کے حقوق اور ذاتی تحفظ سے متعلق ضروری معلومات فراہم کی جائیں گی۔

چئیرپرسن سارہ احمد نے واضح کیا کہ تمام مشترکہ سرگرمیوں میں بچوں کی حفاظت، عزتِ نفس، رازداری اور بہترین مفاد کو اولین ترجیح دی جائے گی، بچوں کی ذاتی معلومات، تصاویر اور ویڈیوز کے استعمال میں متعلقہ قانونی تقاضوں، اجازت اور رضامندی کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ بچوں کے تحفظ سے متعلق کسی بھی تشویش کی نشاندہی پر متعلقہ حفاظتی طریقۂ کار کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا کے شہری اپنے وزیراعلیٰ کی کارکردگی سےغیرمطمئن، سہیل آفریدی پر شدید تنقید

چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو اور دسترس فاؤنڈیشن کے درمیان یہ اشتراک وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز  کے بچوں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کے وژن کے مطابق کمیونٹی کی شمولیت کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بچوں کے لیے محفوظ، معاون اور بچوں دوست ماحول کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے سرکاری اداروں، سماجی تنظیموں، تعلیمی اداروں اور معاشرے کے تمام طبقات کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔