چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں رہائش پذیر تین بچیوں کا پنجاب یونیورسٹی میں میرٹ پر داخلہ
بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرناترجیحات میں شامل ،چیئرپرسن سارہ احمد
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب میں رہائش پذیر تین بچیوں نے اپنی محنت، قابلیت اور شاندار تعلیمی کارکردگی کی بدولت پنجاب یونیورسٹی میں میرٹ پر داخلہ حاصل کرلیا ۔
داخلہ حاصل کرنے والی بچیوں میں مناہل شہباز نے بی ایس مینجمنٹ، فرح شہباز نے بی ایس سوشیالوجی جبکہ سعادیہ ضیا نے ایم ایس سی سوشیالوجی پروگرام میں میرٹ پر داخلہ حاصل کیا ہے۔
چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد نے تینوں بچیوں کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ ان کی کامیابی ان کی محنت، عزم اور تعلیمی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے,بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ معیاری تعلیم اور روشن مستقبل کے مواقع فراہم کرنا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی ترجیحات میں شامل ہے، ہر بچے کو تعلیم کے ذریعے اپنے خواب پورے کرنے کا حق اور موقع ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق بیورو کے زیرِ کفالت بچوں کو تعلیم، ہنر اور زندگی میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ یہ بچے مستقبل میں معاشرے کے باعزت، خودمختار اور کامیاب شہری بن سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:لیسکو کا بجلی چوری کے بلز سمیت واجبات کے عدالتی کیسز پر اہم فیصلہ
چیئرپرسن سارہ احمد نے مزیدکہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں تین بچیوں کا میرٹ پر داخلہ دیگر زیرِ کفالت بچوں کے لیے بھی ایک حوصلہ افزا مثال ہے، چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو بچوں کی تعلیم و تربیت اور ان کے روشن مستقبل کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گا۔