مریم نواز کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کادورہ،مریضوں کی شکایات ،سی او ہیلتھ ،ایم ایس پر مقدمہ، گرفتار کرنے کا حکم

Jul 04, 2025 | 20:58:PM
مریم نواز کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کادورہ،مریضوں کی شکایات ،سی او ہیلتھ ،ایم ایس پر مقدمہ، گرفتار کرنے کا حکم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(راؤ دلشاد)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ڈی ایچ کیو ہسپتال پاکپتن دورہ کے موقع پر مریضوں اور اہلخانہ نے ہسپتال میں بد نظمی ، غفلت اور دیگر شکایات کے انبار لگا دیئے۔میڈیسن موجود ہونے کے باوجود فارمیسی سے گٹھ جوڑ کرکے دوائیاں باہر سے منگوائی جارہی تھیں،ایم ایس اور دیگر ذمہ داروں کی حقائق کی پردہ پوشی کی کوشش  پر  وزیراعلیٰ مریم نواز نے سخت ایکشن لیتے ہوئے سی او ہیلتھ پاکپتن ڈاکٹر سہیل اصغر اور ایم ایس ڈاکٹر عدنان غفار کیخلاف مجرمانہ غفلت پرمقدمہ درج اور گرفتار کرنے کی ہدایت کردی، ساہیوال سے نئے ایم ایس کو ڈی ایچ کیو ہسپتال پاکپتن تعینات کردیا گیا ۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مریضوں اور اہل خانہ سے 50 روپے اور 100 روپے پارکنگ فیس لینے کی شکایت  پر پارکنگ کمپنی کے مالک اور انچارج کی گرفتاری کی ہدایت  کردی۔

پرائیویٹ لیب سے ملی بھگت کرنے پر 3لیب ٹیکنیشن فارغ کر دیئے گئے،پاکپتن ہسپتال کےعملے سے  ملی بھگت پر 3پرائیویٹ لیب سیل کردی گئیں اورڈی سی پاکپتن کو چارج چھوڑنے کا حکم دیدیاگیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہسپتال کے ایکوپمنٹ آڈٹ کا حکم  دیتے ہوئے کہاکہ ذمہ داروں کو احساس دلانے کیلئے سخت فیصلے ضروری ہیں۔ 

وزیراعلیٰ مریم نوازکومریضوں نے میڈیسن باہر سے منگوانے کی شکایت کے انبار لگا دئیے،مریم نواز نے دفاتر میں اے سی چلنے، وارڈز اور مریضوں کے اے سی بند ہونے پر برہمی کااظہار کیا ،انہوں نے سٹور میں موجود ہونے کے باوجود میڈیسن نہ ملنے پر عملے کی سخت سرزنش کردی اورسرکاری ہسپتالوں میں کوڈ ریڈ اور کوڈ بلیو سسٹم نافذ کرنے کا حکم دیدیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کی ہسپتالوں میں دوران ڈیوٹی ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل سٹاف کے موبائل استعمال پر پابندی کیلئے اقدامات کی ہدایت کی،مریم نواز نے ہسپتالوں میں رابطے کیلئے پیجر سسٹم نافذ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ تمام انکوائریز کے فیصلے ایک ہفتے کے اندر کئے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں:موبائل فون سروسز کی بندش سے متعلق اہم خبر

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہسپتال کے مختلف وارڈز،سٹور اور لیب کا معائنہ کیا،اس کے علاوہ وارڈز میں زیر علاج مریضوں کے پاس جاکر فرداًفرداً مزاج پرسی کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ہسپتال کی انتظار گاہ میں بیٹھے مریضوں اور اہل خانہ سے بات چیت کرکے ادویات کی فراہمی اور علاج کے بارے میں دریافت کیا۔

مریم نواز نے کہاکہ سٹور میں دوائیاں موجود ہیں اور پرچی پر لکھ کر میڈیسن باہر سے منگوائی جاتی ہیں،100ارب روپے میڈیسن کے لئے دے رہے ہیں، عوام کو دوائی کیوں نہیں مل رہی؟۔ 

ڈی ایچ کیو ہسپتال میں مفت ادویات کیلئے اعلان نہ ہونے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کوشش کریں توحالات کا پتہ چل سکتا ہے، ہسپتال کے ایک راؤنڈ میں صورتحال سامنے آگئی،ڈی ایچ کیو میں 90 فیصد مریض باہر سے ادویات منگوانے کی شکایت کررہے ہیں ،درکار مشینری اور آلات پیک پڑے ہوئے ہیں لیکن استعمال میں نہیں لائے جاتے۔ 

مریم نواز نے کہاکہ ہسپتالوں اور اداروں میں کام نہ کرنے والے قوم کے اصل ملزم ہیں،ڈاکٹروں اور نرسوں کی کمی نہیں، خدمت کے احساس کا فقدان ہے،کیا لوگ  ہسپتالوں میں مرنے کے لئے آتے ہیں؟مجرمانہ غفلت پراللہ تعالیٰ کو بھی جواب دینا ہوگا،مجھ سے بچ سکتے ہیں اللہ کی پکڑ سے کیسے بچیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:تحریک انصاف کی ایک اور وکٹ گر گئی

انہوں نے کہاکہ دوسروں کے بچوں کو اپنی نظر سے دیکھنا سیکھیں،قتل کرنے کیلئے ہتھیار ضروری نہیں ہوتے، مجرمانہ غفلت بھی ہلاکت کا باعث بن سکتی ہے۔ 

انکوائری رپورٹ میں کہا گیا کہ ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کے ایم ایس اپنی انتظامی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہے،ہسپتال کے کنسلٹنٹ ڈاکٹروں کی دیکھ بھال کیلئے  مناسب وقت نہیں دے رہے،ہسپتال میں درکار آلات سٹور میں موجود ہیں، استعمال میں نہیں لائے گئے،مریضوں کے علاج میں تاخیر کی وجہ کنسلٹنٹ، ڈاکٹروں اور عملے کی بے حسی ہے،ماہر ڈاکٹرر ات کے وقت راؤنڈ نہیں لگاتے،پیڈزانکوبیٹر موجود ہیں مگر فنکشنل نہیں۔ 

انکوائری رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال پاکپتن ہیلتھ کیئر کمیشن کے قواعدو ضوابط پوری طرح فالو نہیں کیے جارہے ہیں، ڈی ایچ کیو ہسپتال میں مریضوں کے لئے ایمرجنسی پروٹوکول پر عملدر آمد نہیں دیکھا گیا،ڈی ایچ کیو ہسپتال کریٹیکل کا سٹاف ٹرین نہیں۔ 

یہ بھی پڑھیں:افسوسناک خبر!قومی کھلاڑی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے

دیگر کیٹیگریز: پاکستان - پنجاب
ٹیگز: