سیلاب:مظفرگڑھ میں105 ،حافظ آباد میں145 سکول بند ، پیر محل، کمالیہ میں تاحکم ثانی چھٹیاں

Aug 31, 2025 | 18:28:PM
سیلاب:مظفرگڑھ میں105 ،حافظ آباد میں145 سکول بند ، پیر محل، کمالیہ میں تاحکم ثانی چھٹیاں
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )ملک بھر میں سیلابی صورتحال اور طوفانی بارشوں کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا سلسلہ جاری ہے، ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل پیر محل اور کمالیہ میں بھی 49 سرکاری سکولوں میں تاحکم ثانی چھٹیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق کمالیہ کے 40 اور پیرمحل کے 9 سرکاری سکولز بند رہیں گے ، اس حوالے سے سی ای او  محکمہ ایجوکیشن نے سکول بند رکھنے کے احکامات جاری کردیئے، سرکاری سکولوں کے ساتھ تمام نجی سکولوں نے بھی چھٹیوں کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :عارف والا؛ضلعی انتظامیہ کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سکول بند رکھنے کا فیصلہ

واضح رہے کہ پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سرکاری و پرائیویٹ سکولوں کی چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے،   ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کا کہنا ہے کہ سرکاری و پرائیویٹ سکولوں کی چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے، دریائے ستلج و راوی کے سیلاب سے متاثرہ 32 دیہات کے سکول 7 ستمبر تک بند رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں :چنیوٹ کے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان

چھٹیوں میں توسیع کا نوٹیفکیشن ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے جاری کیا، دوسری جانب ڈپٹی کمشنر نارووال حسن رضا نے سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلع کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

  رینالا خورد میں چوچک، باما بالا، مپالکے، میلوکے، جندراکہ اور لشاریاں میں تعلیمی ادارے بند  رہیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر نارووال نے 5 ستمبر تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ پاکپتن کے ڈپٹی کمشنر نے 12 سکول تاحکم ثانی بند رکھنے کا حکم صادر کردیا۔

یہ بھی پڑھیں :لاہور میں تعلیمی سرگرمیاں یکم ستمبر سے بحال ،نوٹیفکیشن جاری

 ملتان میں جلال پور پیروالا میں 8، شجاع آباد میں 9 ، صدرمیں 5 سکولوں میں تعطیلات میں توسیع کردی گئی، 16 سکول فلڈ ریلیف کیمپ بننے کی وجہ سے بند رہیں گے،مظفر گڑھ میں فلڈ ریلیف کیمپس کے قیام کے لیے ضلع بھر کے 105 سکول 6ستمبر تک بند رہیں گے۔

مزید برآں شرقپورشریف میں بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سکول تا حکم ثانی بند کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ کے حکم پر تحصیل شرقپور کے 10 سکول بند رکھنے کا مراسلہ جاری کیا گیا، ڈی سی کا کہنا ہے کہ دریائے راوی کے سیلابی پانی سے متاثرہ علاقوں کے سکول بند رکھے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں :پنجاب یونیورسٹی میں موسم گرما کی تعطیلات کے بعد کلاسز کا آغاز ایک ہفتہ ملتوی

ضلع چنیوٹ کے 88 سکول سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ہیں، چنیوٹ کے 10 ، لالیاں کے 33 اور بھوانہ کے 45 سکول زیر آب ہیں، 10 بڑے ہائی سکول بھی شدید متاثر ہوئے، سیلابی پانی 40 سکولوں کے کمروں تک جا پہنچا ہے، سیلابی پانی 5 بڑے مراکز صحت بھی داخل ہونے سے سروسز کی فراہمی معطل ہے، ڈپٹی کمشنر چنیوٹ صفی اللہ گوندل نے کہا ہے کہ سکولوں اور صحت مراکز کی بحالی کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔

دریں اثںا سیالکوٹ میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں جس کی وجہ سے بند تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں معطل ہو کر رہ گئی ہیں ۔ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کو 8 ستمبر تک چھٹیاں دے دی ہیں تاکہ بچوں کو جانی نقصان سے بچایا جا سکے۔

مظفرگڑھ میں سیلاب کے خطرہ کے پیش نظر اور فلڈ ریلیف کیمپس کے قیام کے لیے ضلع بھر کے 105 سکول بند کر دیئے گئے ، ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے 105 سرکاری سکولوں کی 6 ستمبر تک بندش کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا، دریائے چناب کے سیلاب کے باعث ضلع بھر کے 89 سرکاری سکول سیلاب سے متاثر ہوں گے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق مظفرگڑھ میں 16 سرکاری سکول فلڈ ریلیف کیمپس کی وجہ سے بند رہیں گے،  ضلع بھر کے باقی تمام سرکاری سکول یکم ستمبر کو کھل جائینگے.

حافظ آباد میں سیلاب سے  متاثرہ علاقوں کے 145 سکول پانچ ستمبر تک بند کر دیئے گئے،سی ای او ایجوکیشن محمد اکرم اشرف کے مطابق گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن سکول پنڈی بھٹیاں بھی پانچ ستمبر تک بند رہے گا، سی ای او ایجوکیشن کے مطابق باقی تمام سکول معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

چنیوٹ میں سیلابی صورتحال کے باعث  مزید 2 روز تک تعلیمی ادارے بند رہیں گے ، ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل کے مطابق حفاظتی اقدامات کے پیش نظر یکم ، دو ستمبر کو تعلیمی ادارے بند رہیں گے جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

بورےوالا کے سیلاب  سے متاثرہ 60 سکولوں میں چھٹیاں برقرار رکھی گئی ہیں، ضلع بھر کے باقی سکول معمول کے مطابق کھلیں گے، ضلعی انتظامیہ  کے مطابق  متاثرہ سکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں تاحال معطل رہیں گی۔

ضلعی انتظامیہ  کے مطابق طلبا کی حفاظت ہر حال میں یقینی بنائی جائے گی، سیلابی پانی اور خراب انفراسٹرکچر کے باعث تعلیمی سلسلہ متاثر رہے گا۔

بہاولپور میں سیلابی صورتحال سے تعلیمی نظام متاثر ہوا ہے، دریائی علاقوں میں 26 سکولوں کو فلڈ ریلیف کیمپ میں تبدیل کیا گیا ہے، چیف ایگزیکٹو ایجوکیشن توکل حسین  کے مطابق  دریا کے نزدیکی علاقوں کے 64 سکولوں کا سامان محفوظ مقامات پر منتقل کیا  گیاہے۔

انھوں نے بتایا کہ سیلابی صورتحال تک 64 سکولوں میں تعلیمی نظام آپریشنل نہ ہوسکے گا ، بچوں کی تعلیم جاری رکھنے کے لئے انہیں دوسرے سکولوں میں پڑھانے پر غور کررہے ہیں۔