چینی صدرشی جن پنگ3 روزہ دورے پرامریکا پہنچ گئے،ریڈ کارپٹ استقبال، توپوں کی سلامی

Sep 24, 2026 | 08:31:AM
چینی صدرشی جن پنگ3 روزہ دورے پرامریکا پہنچ گئے،ریڈ کارپٹ استقبال، توپوں کی سلامی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)چینی صدرشی جن پنگ تین روزہ دورے پرامریکا پہنچ گئے، امریکی صدر ٹرمپ اور خاتون اول نے چینی صدر اور اہلیہ کا استقبال کیا۔

چینی صدر شی جن پنگ کے روزہ دورے کے آغاز پر جوائنٹ بیس اینڈریوز میں 100 فٹ طویل ریڈ کارپٹ بچھایا گیا، توپوں کی سلامی دی گئی اور امریکی فضائیہ کے دو B-1 بمبار طیاروں نے فضائی مظاہرہ کیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ اور ان کی اہلیہ پینگ لی یوان کا ایئرپورٹ کے رن وے پر ریڈ کارپٹ پر استقبال کیا، دونوں رہنماؤں اور ان کی اہلیاؤں نے مصافحہ کیا اور مختصر گفتگو بھی کی۔

شی جن پنگ کے استقبال کے لئے امریکی اور چینی پرچموں کے ساتھ تین رسمی دستے تعینات کئے گئے تھے جبکہ امریکی فضائیہ کے بینڈ نے دونوں ممالک کے قومی ترانے پیش کئے، امریکی فوج کی تمام سروسز کے پلاٹونز بھی استقبالیہ تقریب کا حصہ تھے۔

سپرسونک طیارے امریکی جنگی بیڑے کا اہم حصہ ہیں اور روایتی و جوہری حملہ کرنے کی صلاحیتوں کے لیے جانے جاتے ہیں۔ B-1 طیاروں نے حالیہ عرصے میں ایران کے خلاف کارروائیوں میں بھی جنگی خدمات انجام دی ہیں۔

استقبالیہ تقریب کے آغاز سے قبل وائٹ ہاؤس اور امریکی فوج نے پروگرام کی مکمل تفصیلات ظاہر نہیں کی تھیں تاہم بعد میں سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق تقریب میں ریڈ کارپٹ، توپوں کی سلامی، دونوں ممالک کے پرچم، قومی ترانے اور فوجی دستوں کی پریڈ شامل تھی۔

یہ بھی پڑھیں:ناکام ڈرون دراندازی کا سخت جواب، پاکستان کے افغانستان میں 10 مقامات پر فضائی اور ڈرون حملے

ٹرمپ اور شی جن پنگ کے درمیان اس تین روزہ دورے کے دوران ٹیرف، مصنوعی ذہانت، ایران جنگ اور تائیوان سمیت اہم عالمی و دوطرفہ معاملات پر بات چیت متوقع ہے۔

امریکا اور چین کے درمیان گزشتہ سال طے پانے والا تجارتی معاہدہ بھی نومبر میں ختم ہونے والا ہے جس کے باعث تجارتی معاملات بھی ملاقاتوں میں اہم موضوع رہیں گے۔

استقبالیہ کے بعد ٹرمپ نے شی جن پنگ کو ان کی گاڑی تک پہنچایا جہاں دونوں رہنماؤں نے مختصر گفتگو کی، بعد ازاں شی جن پنگ واشنگٹن ڈی سی کے لئے روانہ ہوگئے جبکہ ٹرمپ اور میلانیا ٹرمپ بھی وائٹ ہاؤس واپسی کے لئے روانہ ہوئے۔

دورے کے دوران خوشگوار ملاقاتوں، بند کمرے میں مذاکرات اور سرکاری عشائیے سمیت دیگر اہم تقریبات بھی متوقع ہیں تاہم وائٹ ہاؤس اور امریکی فوج نے دورے کے تمام پروگراموں کی حتمی ترتیب کے بارے میں مکمل تفصیلات فراہم نہیں کیں۔