پاکستان کا پہلا پیڈیاٹرک سٹروک سنٹر لاہورجنرل ہسپتال پنز میں قائم

 بچوں کو فالج سے بچانے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت انقلابی قدم:پروفیسر فاروق افضل، پروفیسر آصف بشیر 

Apr 23, 2026 | 15:24:PM
 پاکستان کا پہلا پیڈیاٹرک سٹروک سنٹر لاہورجنرل ہسپتال پنز میں قائم
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ”صحت مند پنجاب“ کے تحت صوبے کی طبی تاریخ میں پہلی بار بچوں کو فالج جیسے جان لیوا مرض سے بچانے کیلئے لاہور جنرل ہسپتال انتظامیہ نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کی معاونت سے سٹیٹ آف دی آرٹ پیڈیاٹرک سٹروک سنٹر قائم کر دیا۔
 پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل، پروفیسر ساجد مقبول اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسزپروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر نے مشترکہ طور پراس سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر فاروق افضل اور پروفیسر آصف بشیر نے بتایا کہ ایل جی ایچ اور پنز کے ماہر سپیشلسٹ ڈاکٹرز اب ملک بھر سے آنے والے بچوں کو 24 گھنٹے جدید اور معیاری طبی سہولیات فراہم کریں گے جہاں تشخیص سے لے کر علاج اور بحالی تک تمام سہولتیں مفت دستیاب ہوں گی، یہ سینٹر جدید بین الاقوامی معیار کے مطابق قائم کیا گیا ہے، جو بچوں میں فالج جیسے پیچیدہ مرض کے بروقت اور مؤثر علاج میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ بچے ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی صحت کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، بچوں میں فالج ایک نہایت حساس اور پیچیدہ طبی مسئلہ ہے، جس کی بروقت تشخیص اور فوری علاج نہ ہونے کی صورت میں بچہ عمر بھر کی معذوری کا شکار ہو سکتا ہے۔ یہ سینٹر اپنی نوعیت کا منفرد مرکز ہے جہاں اسٹروک سے متعلق تمام تشخیصی ٹیسٹ، ہنگامی طبی امداد، جدید علاج اور بحالی کی مکمل سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں گی۔


 پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر کااس موقع پر کہنا تھا کہ ماضی میں بچوں میں فالج کی بروقت تشخیص ایک بڑا چیلنج تھا، تاہم اب جدید طبی آلات،مشینری اور تربیت یافتہ ماہرین کی موجودگی میں فوری تشخیص اور بروقت علاج ممکن ہو سکے گا جس سے نہ صرف شرح اموات میں کمی آئے گی بلکہ مستقل معذوری کے خطرات کو بھی نمایاں حد تک کم کیا جا سکے گا۔

پروفیسر قاسم بشیر اور پروفیسر فریاد حسین نے اس موقع پرفالج کی علامات اور بچاؤ کے متعلق تفصیلی روشنی ڈالی۔

پروفیسر قاسم بشیر اور پروفیسر فریاد حسین نے اس عام تاثر کی وضاحت کی کہ فالج صرف بڑوں کا مرض نہیں بلکہ بچے بھی اس کا شکار ہو سکتے ہیں، انہوں نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں میں کسی بھی غیر معمولی علامات کی صورت میں فوری طور پر مستند ڈاکٹر سے رجوع کریں اور خود علاج سے گریز کریں تاکہ پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: ترسیل شروع ہونے پر اٹک ریفائنری سے پیٹرول اور ڈیزل کی پیداوار بحال
 واضح رہے کہ یہ سینٹر ملک بھر کے بچوں کے لیے چوبیس گھنٹے خدمات فراہم کرے گا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے پیڈیاٹرک سٹروک سینٹر کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی گئی جدید طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے صحت کے شعبے میں ایک بڑی کامیابی قرار دیا، یہ سینٹر نہ صرف پنجاب بلکہ ملک کے بچوں کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہوگا۔
تقریب میں پروفیسر محمد شاہد،ایم ایس پنز ڈاکٹر عمر اسحاق، ڈاکٹر یحییٰ سلطان، ڈاکٹر عبدالعزیز، ڈاکٹر حماد عارف، ڈاکٹر انعم بتول، ڈاکٹر صنم اللہ یار، ڈاکٹر سندس طاہر، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ صائمہ فتح سمیت شعبہ طب کے نامور کنسلٹنٹس اور ماہرین نیورالوجی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔