سانحۂ پمز ہسپتال کے بعد پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کا اہم فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(بابر شہزاد تُرک)اسلام آباد میں سانحۂ پمز ہسپتال کے بعد پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کا اہم فیصلہ کرلیا۔
پی ایم ڈی سی نے ہاؤس آفیسرز کیلئے لازمی فائر سیفٹی ٹریننگ پروگرام نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیاجس کے تحت تمام میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں ہاؤس آفیسرز کو فائر سیفٹی تربیت دی جائے گی۔
پی ایم ڈی سی کی جانب سے کہاگیاہے کہ فائر سیفٹی ٹریننگ کو ہاؤس آفیسرز کی ہاؤس جاب کا لازمی حصہ بنایا جائے گا، ہاؤس آفیسرز کو فائر سیفٹی، ایمرجنسی ڈرلز اور مریضوں کے محفوظ انخلاء کی تربیت دی جائے گی،میڈیکل کالجز اور تدریسی ہسپتالوں میں باقاعدگی سے فائر سیفٹی اور انخلا کی مشقیں ہوں گی۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق ہاؤس آفیسرز کو فائر ہیزرڈز کی نشاندہی اور فائر فائٹنگ آلات کے درست استعمال کی تربیت بھی دی جائے گی،ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہاؤس آفیسرز کی پیشگی تیاری یقینی بنائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:پوسٹ گریجویٹ میڈیکل پروگرامز؛ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزاور رائل کالج لندن میں تعاون پر اتفاق
پی ایم ڈی سی کی جانب سے مزیدکہاگیاہے کہ میڈیکل و ڈینٹل اداروں میں موجودہ فائر سیفٹی پروٹوکولز کا جامع جائزہ لینے کا فیصلہ کیاگیاہے،فائر ایمرجنسی میں ڈاکٹروں، مریضوں، طلبہ اور عملے کی حفاظت اولین ترجیح ہے،فائر ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے طبی عملے میں فوری اور مؤثر ردعمل کی صلاحیت پیدا کی جائے گی، فائر سیفٹی تربیت کو مستقبل میں میڈیکل اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ تک وسعت دینے پربھی غورکیاجارہاہے ،پی ایم ڈی سی محفوظ اور اعلیٰ معیار کے تعلیمی ماحول کے فروغ کیلئے پُرعزم ہے، ہنگامی صورتحال میں رسپانس ٹیمز پر انحصار کے بجائے پیشگی تیاری پر توجہ دی جائے گی۔