پوسٹ گریجویٹ میڈیکل پروگرامز؛ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزاور رائل کالج لندن میں تعاون پر اتفاق
مشترکہ امتحانات، ویبنارز، مسلسل طبی تعلیم ، ٹرینی ایکسچینج اور مشترکہ تحقیقی منصوبے شروع کرنے کی تجاویز زیرِ غور آئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور اور رائل کالج آف فزیشنز لندن کے درمیان پوسٹ گریجویٹ میڈیکل تعلیم، تربیت اور تحقیق کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور عالمی سطح پر پاکستانی ڈاکٹرز کے لیے تعلیمی مواقع بڑھانے کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق ہوگیا۔
دونوں اداروں کے درمیان مشترکہ امتحانات، ویبینارز، مسلسل طبی تعلیم (سی ایم ای)، ٹرینی ایکسچینج اور مشترکہ تحقیقی منصوبے شروع کرنے کی تجاویز زیرِ غور آئیں۔
اس سلسلے میں یو ایچ ایس میں ہونے والے اجلاس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر نادیہ نسیم نے کی،رائل کالج آف فزیشنز لندن کی نمائندگی ایسوسی ایٹ گلوبل ڈائریکٹر برائے جنوبی ایشیا پریتم بودانا اور گلوبل پراجیکٹ مینیجر نا نوئی نے کی، وہ آر سی پی لندن کی صدر پروفیسر ممتاز پٹیل کی جانب سے اجلاس میں آن لائن شریک ہوئے۔
یو ایچ ایس کے ڈائریکٹر پوسٹ گریجویٹ سٹڈیز پروفیسر آصف نوید نے یونیورسٹی کے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن سسٹم، ایم ڈی اور ایم ایس پروگرامز اور وسیع تر تدریسی و تربیتی نیٹ ورک پر تفصیلی بریفنگ دی اوربتایا کہ آر سی پی لندن کے ساتھ تعاون سے پوسٹ گریجویٹ تربیت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستانی طبی ماہرین کو عالمی سطح پر مزید مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔

اجلاس میں مشترکہ امتحانات، ویبینارز، سی ایم ای پروگرامز، ٹرینی ایکسچینج، مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور ایم آر سی پی امتحانات میں مختلف سطحوں پر استثنیٰ کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،دونوں اداروں نے تعاون کے پہلے مرحلے میں مشترکہ امتحانات اور تعلیمی سرگرمیوںخصوصاً ویبینارز اور سی ایم ای پروگرامز، شروع کرنے پر اتفاق کیا۔ ان سرگرمیوں کے طریقہ کار اور دیگر انتظامی امور کو باہمی مشاورت سے حتمی شکل دی جائے گی۔ٹرینی ایکسچینج، مشترکہ تحقیق اور ایم آر سی پی امتحانات میں استثنیٰ سے متعلق تجاویز کو آر سی پی کی نئی گلوبل پالیسی کے آئندہ ماہ متعارف ہونے کے بعد اگلے مرحلے میں زیرِ غور لایا جائے گا۔
اجلاس میں ایم ڈی اور ایم ایس کی اسناد رکھنے والے پاکستانی ڈاکٹروں کے لیے برطانیہ کی جنرل میڈیکل کونسل میں کنسلٹنٹ سطح پر رجسٹریشن کے ممکنہ امکانات کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا، تاہم اس حوالے سے مزید غور و خوض اور برطانیہ کے متعلقہ قوانین و ضوابط کے مطابق پیش رفت کی جائے گی۔اجلاس میں یو ایچ ایس کی قیادت کے علاوہ مختلف سپیشلٹی ایڈوائزری کمیٹیوں کے اراکین نے شرکت کی جن میں پروفیسر طیبہ وسیم، پروفیسر رانا الطاف احمد، پروفیسر فاروق رانا احمد، پروفیسرڈاکٹر طاہر صدیق، پروفیسر سارہ غفور اور ڈاکٹر لامیہ یوسف شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں:چائلڈ لیبر اور آؤٹ آف سکول بچوں کی نشاندہی کیلئےسیف سٹی کا بڑا فیصلہ
فریقین نے یو ایچ ایس کے کلینیکل امتحانات کے نظام اور بین الاقوامی شناخت کے معاملے پر بھی بات چیت کی، یو ایچ ایس کے مطابق یونیورسٹی کے پوسٹ گریجویٹ کلینیکل امتحانات نومبر کے آخر اور دسمبر 2026 کے اوائل میں شیڈول ہیں، اس سلسلے میں آر سی پی لندن کی ٹیم کو یو ایچ ایس کے امتحانات اور اسیسمنٹ سسٹم کا جائزہ لینے کی دعوت دی جائے گی تاکہ مجوزہ ایکریڈیٹیشن اور یو ایچ ایس کی کلینیکل ڈگریوں کی بین الاقوامی شناخت کے عمل میں معاونت حاصل کی جا سکے، اس مقصد کے لیے ضابطے کی تمام ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد آر سی پی کو باضابطہ دعوت ارسال کی جائے گی جبکہ جائزے کے دائرہ کار، ضروریات اور انتظامات باہمی رابطے سے طے کیے جائیں گے۔