پنجاب میں مون سون کا آٹھواں اسپیل کل سے شروع ہوگا، الرٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز ) پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے میں مون سون کے آٹھویں اسپیل کا الرٹ جاری کردیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 22 اگست کی رات سے مغربی ہوائیں صوبے کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی اور مون سون بارشوں کا آٹھواں اسپیل 23 اگست سے شروع ہوگا۔
ترجمان کا بتانا ہےکہ 23 سے 27 اگست تک دریاؤں کے بالائی حصوں میں شدید طوفانی بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا سرکاری ہیلی کاپٹر سے متعلق اہم خبر
ترجمان کے مطابق دریائے جہلم، چناب، راوی، ستلج اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کا بہاؤبڑھ سکتا ہے جب کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ کیوسک ہے۔
اس کے علاوہ اس سسٹم کے تحت راولپنڈی، مری گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ اور وزیر آباد میں بارشیں متوقع ہیں جب کہ لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ، ننکانہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 24 سے 28 اگست تک کراچی اور حیدرآباد میں شدید بارش کی پیشگوئی کر دی ۔
این ڈی ایم اے نے 24 سے 28 اگست تک کراچی اور حیدرآباد میں شدید بارش کی پیش گوئی کر دی ، بارشوں سے سیلاب، بجلی کی بندش اور سروس میں خلل پڑنے کے ممکنہ خطرات ہیں۔
حیدرآباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جس سے سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔
خوشاب، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈی جی خان اور ملتان میں تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، بھکر، لیہ، مظفر گڑھ، ڈی جی خان، راجن پور، رحیم یار خان میں کل سے 25 اگست تک بارشیں ہونے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ویزے بند
پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، کوہاٹ میں کل سے26 اگست تک تیز بارش اور ژالہ باری ہونے کا امکان ہے۔ بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، باجوڑ، گلگت بلتستان،کشمیر میں بھی کل سے بارش ہونے کی توقع ہے۔
کوئٹہ، ژوب، شیرانی، بارکھان، خضدار، قلعہ عبداللہ میں کل سے25 اگست تک بارش کا امکان ہے۔ پنجگور، کیچ، کراچی، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، دادو، جیکب آباد، جامشورو میں بھی بارش ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، پشاور، نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے، مردان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، دیر، گلگت بلتستان اور کشمیر میں فلیش فلڈنگ ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بارشوں کے دوران عوام احتیاط کریں اور غیرضروری سفرسے گریز کریں۔
این ڈی ایم اے نے متوقع شدید بارشوں کے دوران شہریوں کو ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سیلاب زدہ سڑکوں سے گریز کریں، بجلی کے کھمبوں سے فاصلہ برقرار رکھیں اور برقی آلات کا استعمال احتیاط سے کریں۔