امریکی سفارتخانے،فٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام ورلڈ کپ 2026 کی تقریب کا انعقاد

May 19, 2026 | 23:11:PM
 امریکی سفارتخانے،فٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام ورلڈ کپ 2026 کی تقریب کا انعقاد
کیپشن: امریکی سفارتخانے،فٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام ورلڈ کپ 2026 کی تقریب کا انعقاد
سورس: 24 News
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(انور عباس )اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے اشتراک سے فیفا ورلڈ کپ 2026 کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سفارتی، اسپورٹس اور کاروباری شخصیات سمیت 150 سے زائد مہمانوں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد میں امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 دنیا کو قریب لانے اور قوموں کو جوڑنے کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر 2026 ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے، جبکہ یہ ٹورنامنٹ 48 ٹیموں کے ساتھ تاریخ کا سب سے بڑا فٹ بال ایونٹ ہوگا۔

نٹالی بیکر کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ امریکا کی خوبصورتی اور ثقافتی تنوع کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا سنہری موقع ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا 2026 سے 2034 تک مختلف عالمی کھیلوں کی میزبانی کرے گا، جن میں 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار ورلڈ کپ لانچ ایونٹ کا انعقاد خوش آئند ہے، جبکہ سیالکوٹ میں تیار کی جانے والی فٹبالز عالمی معیار کی عکاس ہیں۔ ان کے مطابق کھیل ٹیم ورک، نظم و ضبط اور امید کا پیغام دیتے ہیں اور نوجوانوں کو بڑے خواب دیکھنے اور محنت کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔

صدر پاکستان فٹ بال فیڈریشن محسن گیلانی نے کہا کہ اگرچہ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی، تاہم ملک بھر میں شائقین فٹبال کے عالمی میلے کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔

تقریب میں سیالکوٹ میں تیار کردہ ایک بڑے فٹ بال کی رونمائی بھی کی گئی، جو شرکاء کی توجہ کا مرکز بنی۔ اس موقع پر پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی دو کھلاڑیوں کو مشروب ساز کمپنی کوکا کولا کی جانب سے اعزازات بھی دیے گئے۔

تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے پینلٹی کِک چیلنج میں حصہ لیا، جبکہ شرکاء نے کھیلوں کے ذریعے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں :وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے