تعمیراتی منصوبوں میں خوردبرد : فواد چوہدری کا مزید تین روز ہ جسمانی ریمانڈ منظور

Jan 15, 2024 | 13:28:PM
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر فواد چوہدری کےخلاف جہلم میں تعمیراتی منصوبوں میں خوردبرد کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں نیب نے فواد چوہدری کو عدالت میں پیش کیا
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر فواد چوہدری کےخلاف جہلم میں تعمیراتی منصوبوں میں خوردبرد کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں نیب نے فواد چوہدری کو عدالت میں پیش کیا۔

دوران سماعت جج نے فیصل چوہدری سے سوال کیا کہ اور باتیں کرنی ہیں؟ کرلیں باتیں اور، فیصل چوہدری نے جواب دیا کہ باتیں کہاں ختم ہوتی ہیں۔فواد چوہدری کی جانب سے وکیل عامر عباس اور نیب کے پراسیکیوٹر عدالت میں پیش ہوئے وکیل صفائی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری کو نیب ہراساں کرنے کی کوشش کررہا ہے، 26 دن جسمانی ریمانڈ کے لیے لیکن انکوائری اب تک مکمل نہیں کرپائے، فواد کے نام کوئی زمین ٹرانفسر نہیں ہوئی،کوئی ثبوت نہیں، فواد چوہدری کے ساتھ کرنا کیا ہے؟ 26 دنوں میں کیا برآمد کیا؟

اس دوران نیب نے فواد چوہدری کے 4 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی، اس پر جج محمد بشیر نے فیصل چوہدری سےمکالمہ کیا کہ آپ کا تو جسمانی ریمانڈ نہیں ہے ناں؟ فیصل چوہدری نے کہا کہ مجھے تو نوٹس موصول ہوا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ پرفیصلہ محفوظ کرلیا جو کچھ دیر بعد سناتے ہوئے نیب کی استدعا منظور کرلی۔عدالت نے فواد چوہدری کو مزید 3 روز کے جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا۔

مزید پڑھیں:الیکشن ایکٹ اب ہی کیوں زیر بحث آیا؟پی ٹی آئی ہی ٹارگٹ کیوں ہے؟ نیا پنڈورا باکس کھل گیا