محسن نقوی کا کراچی رینجرز ہیڈکوارٹر کا دورہ،گورنر سندھ سے بھی ملاقات

Feb 12, 2025 | 15:51:PM
محسن نقوی کا کراچی رینجرز ہیڈکوارٹر کا دورہ،گورنر سندھ سے بھی ملاقات
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز ) وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور یاد گارِ شہدا پر حاضری دی۔

  ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد شمریز نے رینجرز ہیڈکوارٹر پہنچنے پر وفا قی وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیرمقدم کیا۔

وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی کا رینجرز کے افسران سے تعارف کروایا گیا، وزیر داخلہ محسن نقوی نے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور شہدا کے ایصال ثواب کے لیے دُعا کی۔

اس موقع پر ملک کی سالمیت، امن، ترقی اور استحکام کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔

مزید پڑھیں:باہر کے  سٹیڈیمز دیکھ کر لگتا تھا ہم بہت پیچھے ہیں لیکن اب ہم آگے ہیں: محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنتروول محسن نقوی نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیوں کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔

دوسری جانب  وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے ملاقات کی، جس میں صوبے میں امن کے قیام، کرکٹ کے فروغ، پاکستان سپر لیگ سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال  کیا گیا۔

ملاقات میں گورنر سندھ نے کہا کہ امن و امان کے قیام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار قابل ستائش ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کی تعمیرِ نو سے کرکٹ کو فروغ حاصل ہوگا۔ محدود وقت میں نیشنل اسٹیڈیم کی شاندار تعمیرِ نو قابل تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ سے کرکٹ کا نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا۔ 

مزید پڑھیں:محسن نقوی اور چینی ہم منصب کی ملاقات، بیجنگ اور وفاقی پولیس میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ گورنر انیشیٹیو کے تحت جاری منصوبے قابل تقلید ہیں۔ آئی ٹی کے جدید کورسز سے نوجوان کا مستقبل تابناک ہوگا۔ انہوں نے شجر کاری مہم کے تحت گورنر ہاؤس میں پودا بھی لگایا۔

بعد ازاں گورنر سندھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے آج محسن نقوی کے کاموں کی تعریف کی ہے، انہوں نے 4 ماہ میں قذافی اسٹیڈیم تیار کیا، ان سے کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے 2 ماہ میں ڈمپرز سے لوگ مررہے ہیں ، افغانستان سے لائے گئے ڈمپرز بھی شہر میں چل رہے ہیں، کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی ضرورت نہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ جتنی تیزی آفاق احمد کی گرفتاری میں دکھائی ہے اتنی ہی دیگر چیزوں میں بھی دکھائی جائے۔