گورنر سندھ سے چانسلرز اور وائس چانسلرز کی ملاقات،مسائل کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں

Sep 07, 2026 | 18:20:PM
گورنر سندھ سے چانسلرز اور وائس چانسلرز کی ملاقات،مسائل کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں
کیپشن: گورنر سندھ نہال ہاشمی سے سندھ کی سرکاری و نجی جامعات کے وائس چانسلرز اور چانسلرز ملاقات کررہے ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(زبیر راشد) گورنر سندھ سید نہال ہاشمی سے سندھ کی سرکاری و نجی جامعات کے وائس چانسلرز اور چانسلرز نے ملاقات کی،سرکاری و نجی جامعات کے نمائندگان نے فنڈنگ، سولر پینلز کی تنصیب، ریٹائرمنٹ کے بعد فیکلٹی کی دوبارہ تعیناتی، فیکلٹی کے ٹیکس کی شرح میں کمی سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہر شعبۂ تعلیم میں مصنوعی ذہانت (AI) سے استفادہ وقت کی اہم ضرورت ہے، جامعات کو جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ تعلیم پر خصوصی توجہ دینا ہوگی، وزیراعظم کا وژن ہے کہ پاکستان کی سالانہ آئی ٹی ایکسپورٹس 25 ارب ڈالر سے تجاوز کریں۔

نہال ہاشمی کاکہناتھا کہ جدید تعلیم سے آراستہ نوجوان پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے ضامن ہیں، ریگولیٹری باڈیز کو جامعات کو مزید مؤثر انداز میں سہولیات اور معاونت فراہم کرنا ہوگی، آئی ٹی ایکسپورٹس کے ہدف کے حصول میں جامعات اور نوجوانوں کا کردار کلیدی ہے،سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز اور نجی جامعات کے چانسلرز کی تجاویز و سفارشات پر جلد عمل درآمد کی بھرپور کوشش کروں گا۔

گورنر سندھ نے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر سید سیف الرحمن کو جامعات کے مسائل کے حل کے لیے جامع فریم ورک کی تیاری میں تعاون کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ جامعات نوجوانوں کو جدید تعلیم، ٹیکنالوجی، تحقیق اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے مزید مواقع فراہم کریں۔ 

ملاقات میں سندھ کی 10 سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز اور دیگر نمائندگان شریک ہوئے،30 سے زائد نجی جامعات کے چانسلرز، وائس چانسلرز اور دیگر نمائندگان نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔

سرکاری جامعات کی جانب سے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر امجد سراج میمن، این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر طفیل احمد، سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب الدین میمن اور شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی آف لاء کی وائس چانسلر جسٹس (ر) ڈاکٹر کوثر سلطانہ سمیت دیگر وائس چانسلرز شریک تھے۔

نجی جامعات کی جانب سے جناح یونیورسٹی فار ویمن کے چانسلر وجیہ الدین، انڈس یونیورسٹی کے چانسلر خالد امین اور شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹیٹیوٹ کے نائب صدر ڈاکٹر محمد الطاف موکاتی سمیت دیگر چانسلرز و نمائدگان نے شریک تھے۔

یہ بھی پڑھیں:فاطمہ ثنا کو بھارتی کھلاڑی کو اشارہ کرنا مہنگا پڑگیا، آئی سی سی نے بھاری جرمانہ عائد کردیا