پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے بیانات کو مسترد کردیا

Jun 11, 2025 | 18:40:PM
پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے بیانات کو مسترد کردیا
کیپشن: دفترخارجہ ، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(انور عباس)پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے بیانات کو مسترد کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کاکہنا تھا کہ پاکستان بھارتی وزیر خارجہ کے بیانات کو سختی سے مسترد کرتا ہے،پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے برسلز میں مختلف میڈیا انٹرویوزاورغیر ذمہ دارانہ بیانات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

ترجمان کاکہناتھا کہ اعلیٰ سفارتکاروں کی گفتگو کا مقصد اشتعال انگیز جملے بازی کی بجاۓ امن و ہم آہنگی کو فروغ دینا ہونا چاہیے،کسی وزیر خارجہ کے لب و لہجہ اور گفتگو کا معیار ان کے باوقار منصب کے شایانِ شان ہونا چاہیے۔

ان کاکہناتھا کہ گزشتہ کئی سالوں سے بھارت ایک من گھڑت بیانیہ کے ذریعے خود کو مظلوم ظاہر کر کے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی مذموم مہم میں مصروف ہے،بھارت کی مسلسل پاکستان مخالف ہرزہ سرائی اُس کے سرحد پار دہشت گردی کی پشت پناہی اور مقبوضہ کشمیر میں ریاستی ظلم و جبر پر پردہ نہیں ڈال سکتی،بھارت کو دوسروں پر الزامات لگانے کے بجائے خود پر نظر ڈالنی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:افسوسناک خبر!سعودی شہزادہ فیصل بن ترکی انتقال کرگئے

شفقت علی خان کا مزید کہناتھا کہ بھارت کو اپنی دہشت گردی، تخریب کاری اور ہدف وار قتل و غارت گری میں ملوث ہونے پر غور کرنا چاہیے،بھارت کو حالیہ جارحانہ اقدامات کے جواز کیلئے جھوٹے اور گمراہ کن بیانیے گھڑنے سے باز آنا چاہیے،پاکستان پرامن بقائے باہمی، مکالمے اور سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے،تاہم وہ کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی خودمختاری کے دفاع کے عزم اور صلاحیت میں پُرعزم ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ جیسا کہ گزشتہ ماہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ حملوں کے بعد پاکستان کے مؤثر جواب سے ظاہر ہوا،بھارت کی جانب سے بیانیہ اُس کی مایوسی کو ظاہر کرتا ہے،یہ مایوسی اسے پاکستان کے خلاف ایک ناکام عسکری مہم کے بعد سامنے ہوئی ہے،بھارتی قیادت کو چاہیے کہ وہ پاکستان کے خلاف اپنی جنونیت ترک کرے اور اپنی گفتگو کا معیار بہتر بنائے۔

ترجمان نے کہاکہ تاریخ اُنہیں یاد نہیں رکھے گی جنہوں نے سب سے زیادہ شور مچایا، تاریخ اُنہیں یاد رکھے گی جو سب سے زیادہ دانشمندانہ انداز میں عمل پیرا رہے۔

یہ بھی پڑھیں:ڈالر کی قیمت میں بڑااضافہ، روپے کو بری طرح روند ڈالا