وزیراعظم کے قومی و سیاسی قیادت سے رابطے،صورتحال پراعتماد میں لیا

May 10, 2025 | 11:13:AM
وزیراعظم کے قومی و سیاسی قیادت سے رابطے،صورتحال پراعتماد میں لیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)پاکستان کے بھارت کیخلاف آپریشن بنیان مرصوص کے بعدوزیراعظم شہبازشریف نے قومی و سیاسی قیادت سے رابطے کیے ہیں۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، جمیعت علماء اسلام ف کے راہنما مولانا فضل الرحمان، کنوینر متحدہ قومی موومنٹ خالد مقبول صدیقی، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن، بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ خالد حسین مگسی اور پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما چوہدری سالک حسین سے ٹیلیفونک رابطہ کیاہے۔

وزیراعظم نے سیاسی راہنماؤں کو موجودہ کشیدہ صورتحال اور پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف جوابی کارروائی کے سلسلے میں اعتماد میں لیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے کہاکہ الحمدللہ افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا آج مربوط طریقے سے پرزور اور طاقت ور جواب دیا ہے،بھارت نے پاکستان پر میزائل اور ڈرون حملے کیے،ان جارحانہ اقدامات کے باوجود پاکستان نے انتہائی تحمل سے کام لیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان نے حقائق جاننے کے لیے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا کہا جس کو بھارت نے ٹھکرا دیا،آج صبح دوبارہ بھارت نے نورخان ایئربیس اور دیگر مقامات پر میزائل سے حملے کیے،بھارتی حملوں میں نہتے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

 وزیراعظم نے کہاکہ بھارت کی ان پے در پے کارروائیوں کا ہماری بہادر افواج نے بھرپور جواب دیا،پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص میں جوابی کارروائی میں بھارت کی ان ملٹری تنصیبات کو خصوصی طور پر نشانہ بنایا جن سے پاکستان پر حملے کیے گئے،آج ہم نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے اور بے گناہوں کے خون کا بدلہ لے لیا ہے۔

 وزیراعظم نے کہاکہ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے،آپ سمیت پوری قوم کو میں اس کامیاب آپریشن پر مبارکباد پیش کرتا ہوں،ہم بھارت کی پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

ملکی سیاسی راہنماؤں نے پاک فوج کے جوانوں کے تدبر،حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو خراج تحسین پیش کیا اور وزیراعظم کو مشکل کی اس گھڑی میں اپنے اور پوری پاکستانی قوم کے تعاون اور یکجہتی کا یقین دلایا،سیاسی قیادت نے کہاکہ مادر وطن کے دفاع کے لیے ہماری بہادر افواج کی مہارت قابل تحسین ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد اورخیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے آپریشن بنیان مرصوص کی وجوہات سے بھی سیاسی قیادت کو آگاہ کیا۔