وزیراعظم سے کاروباری شخصیات کی ملاقات، توانائی لاگت میں کمی اہم ترجیح ہے: شہبازشریف

Sep 08, 2026 | 20:32:PM
وزیراعظم سے کاروباری شخصیات کی ملاقات، توانائی لاگت میں کمی اہم ترجیح ہے: شہبازشریف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)وزیراعظم شہباز شریف سے ممتاز صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی، جس میں برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے فروغ اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل پر مشاورت کی گئی۔

وزیراعظم نے برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے فروغ کے لیے کاروباری برادری کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو برآمد کنندگان کے لیے سپر ٹیکس سے استثنیٰ میں توسیع کے معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔

ملاقات میں میاں منشا، عارف حبیب، ثاقب شیرازی، عاطف باجوہ، محمد علی اور مصدق ذوالقرنین سمیت ممتاز کاروباری شخصیات شریک ہوئیں۔

وفد میں عمر سعید، صمد داؤد، اشرف موکاتی، شاہد صورتی، شہزاد اصغر، شہزاد سلیم، آصف پیر اور دیگر بھی شامل تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملاقات کا مقصد برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے فروغ کے حوالے سے کاروباری برادری سے مشاورت کرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے، توانائی لاگت میں کمی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے،اقدامات جاری ہیں۔

شہبازشریف نے ٹریڈ فیسیلیٹیشن بورڈ کو تجارت کے فروغ کیلئے مؤثر ادارہ بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ بورڈ کا دائرۂ کار مزید مؤثر بنانے کیلئے کاروباری برادری کی تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے آسان اور سہل پلیٹ فورم مہیا کیا گیا  ہے، ایف بی آرکی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے ایک بڑا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

ان کا کہناتھا کہ ایف بی آر نے انفور سمنٹ کے ذریعے گزشتہ مالی سال میں 800ارب روپے اکٹھے کئے، معاشی ٹیم کی کوششوں کی بدولت میکرواکنامک حالات میں خاطرخواہ بہتری آئی ہے،مائیکرو اکنامک سطح پر بہتری لانے کیلئے ہمیں مزیدمحنت کرنی ہے، صنعتی ضروریات کے مطابق افرادی قوت کی تربیت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے فوری اور دیرپاحل کیلئے اقدامات اور برآمد کنندگان کیلئے سپرٹیکس سےاستثنیٰ میں توسیع کا جائزہ لینےکی بھی ہدایت کی ۔

وفد کو ملکی معیشت بہتربنانے،کاروبار،تجارت اور صنعت کے فروغ کیلئے حکومتی اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی جس دوران بتایا گیا کہ ملک کی بندرگاہوں پر پورٹ چارجز میں کمی اور آپریشنل استعداد بہتر بنائی گئی ہے،کراچی بندرگاہوں سے اندرون ملک رسائی بہتر بنانے کیلئےایم-10کی اپ گریڈیشن جاری ہے، ایم 13کھاریاں-راولپنڈی کی تعمیر سے لاہور اور اسلام آباد کے درمیان فاصلہ کم ہو جائے گا، اپ گریڈیشن سے ریلوے کا انفرااسٹرکچر بہتر ہو گا،تجارتی سامان کی ترسیل مزید تیز ہو سکے گی، حکومتی اقدامات سے آئی ٹی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے، 10 لاکھ افراد کو آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تربیت فراہم کی جارہی ہے۔

اجلاس میں کاروباری شخصیات اور صنعتکاروں نے ملک میں میکرو اکنامک استحکام کو سراہا ، کاروباری شخصیات اور صنعتکاروں کا حکومتی معاشی اصلاحات اور پالیسی اقدامات پر اظہار اعتماد جتا ،

کاروباری رہنماؤں نے وزیراعظم،نائب وزیراعظم اور فیلڈمارشل کی قیادت میں تعمیری کردار کو سراہا، شرکاء نے حکومتی نجکاری اور ڈی ریگولیشن پالیسی کی بھی تعریف کی، وفد نے کاروبار اور صنعت کے شعبوں کے حوالے سے مسائل سے آگاہ کیا اور تجاویز پیش کیں۔

یہ بھی پڑھیں:سفارتکاروں کے الاؤنسز اور یوٹیلیٹیز پرخطیر رقم خرچ!وزارتِ خارجہ نےرپورٹ جاری کردی