لیسکو میں ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی قلت، بجلی بحران کا خدشہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(شاہد سپرا)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) میں ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی قلت اور خراب ہونے کی شرح میں غیر معمولی اضافہ سامنے آیا ہے، جس کے باعث بجلی کے نظام پر دباؤ بڑھنے اور مختلف علاقوں میں طویل بندش کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق خاص طور پر 200 کے وی اے ٹرانسفارمرز کی کمی شدت اختیار کر گئی ہے جبکہ جلنے اور خراب ہونے والے ٹرانسفارمرز کی شرح میں بھی ریکارڈ اضافہ رپورٹ کیا گیا ہےو اس صورتحال کے باعث کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی کی بندش معمول بنتی جا رہی ہے، جس سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
لیسکو کی جانب سے اس حوالے سے ایک مراسلہ بھی جاری کیا گیا ہے، جس میں تسلیم کیا گیا ہے کہ ٹرانسفارمرز کے خراب ہونے کی شرح میں اضافہ ہوا ہےومراسلے میں متعلقہ دفاتر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بجلی کے لوڈ کو متوازن (لوڈ بیلنس) کریں تاکہ نظام پر دباؤ کم کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:مبینہ اغوا کیس، غیر ملکی خواتین کا موبائل دینے سے انکار،تفتیش کو مزید الجھا دیا
مزید کہا گیا ہے کہ ضرورت کے مطابق ٹرالی ٹرانسفارمرز کو آپریشنل کیا جائے تاکہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی کو جزوی طور پر بحال رکھا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو آئندہ دنوں میں بجلی کی بندش اور تکنیکی مسائل میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔