وفاقی حکومت کا بجلی کے ٹرانسفارمرز سے متعلق نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

Sep 16, 2026 | 19:03:PM
وفاقی حکومت کا بجلی کے ٹرانسفارمرز سے متعلق نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)وفاقی حکومت نے بجلی چوری کی روک تھام کے لیے بجلی کے ٹرانسفارمرز کو علیحدہ علیحدہ “آن اور آف” کرنے کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نئے نظام کے بعد پورے فیڈر کو بند کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی، جس ٹرانسفارمر پر بجلی چوری ہو گی صرف اسی کو بند کیا جاسکے گا۔انہوں نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ نئے نظام کا ریگولیٹری فریم ورک آئندہ سال اپریل یا مئی تک دے دیا جائے گا۔

اویس لغاری نے واضح کیا کہ ملک میں بجلی کی کوئی اضافی لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی جبکہ نیٹ میٹرنگ سسٹم میں تبدیلی کے بعد لوگوں نے بیٹریاں لگانا شروع کر دی ہیں۔

واضح رہے کی پاکستان میں بجلی چوری اور بجلی کی تقسیم کے نظام میں نقصانات پر قابو پانا حکومت اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے ہمیشہ ایک بڑا چیلنج رہا ہے۔

بجلی چوری کی روک تھام کے لیے مختلف علاقوں میں فیڈرز کی بجلی بند کرنے کا طریقہ بھی استعمال کیا جاتا ہے، جس کے باعث بجلی چوری نہ کرنے والے صارفین بھی متاثر ہوتے ہیں۔ تاہم حکومت نے اب بجلی چوری والے ٹرانسفارمر کو الگ سے بند کرنے کا نظام متعارف کروایا ہے جس کی بدولت فیڈر کی بجلی بند کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا تھا کہ پاور ڈویژن کے بروقت اقدامات کے باعث اگست 2026 میں فیول ایڈجسٹمنٹ میں نمایاں کمی ہوئی، جس سے صارفین پر پڑنے والے اضافی مالی بوجھ کو کم کرنے کے ساتھ 10 ارب روپے کی بچت بھی کی گئی۔

انہوں نے فیول ایڈجسٹمنٹ کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ اگست میں فیول ایڈجسٹمنٹ 2.5 روپے فی یونٹ سے کم ہوکر 1.73 روپے فی یونٹ رہی جبکہ رواں سال جولائی میں فیول ایڈجسٹمنٹ 2.581 روپے فی یونٹ تھی، فیول ایڈجسٹمنٹ میں کمی کے نتیجے میں 10 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔

اویس لغاری کا کہنا تھا کہ عوام نے رات کے اوقات میں چند گھنٹے لوڈ مینجمنٹ برداشت کی، جس پر وہ عوام کے شکر گزار ہیں، عوام نے قیمتیں کم کرنے کی حکومتی کوششوں میں ساتھ دیا اور بجلی کے شعبے میں مشکل حالات کے باوجود تعاون کیا۔
 یہ بھی پڑھیں:’اپنی چھت، اپنا گھر‘ وزیر اعلیٰ پنجاب کا فلیگ شپ پروجیکٹ ایک اور ایوارڈ کے لیے نامزد

دیگر کیٹیگریز: پاکستان - قومی
ٹیگز: