پاکستان کا بھارتی بحری جہاز کا خصوصی اقتصادی زون میں خلاف ورزی پر شدید احتجاج
Stay tuned with 24 News HD Android App
(انور عباس)پاکستان نے بھارتی بحری جہاز آئی این ایس کولکتہ کی جانب سے پاکستانی خصوصی اقتصادی زون میں خلاف ورزی اور پاک بحریہ کی مشقوں کے علاقے میں داخل ہونے کی کوشش پر شدید احتجاج کیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت سے دفتر خارجہ جاری بیان کے مطابق پاک بحریہ یکم ستمبر سے پاکستانی خصوصی اقتصادی زون میں سی اسپارک 26 مشقیں کر رہی ہے، جبکہ 7 ستمبر سے بھارتی بحری جہاز اور اس پر تعینات ہیلی کاپٹر نے مشقوں کے علاقے میں داخل ہونے کی متعدد کوششیں کیں۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی بحری جہاز نے پاک بحریہ کے جہازوں کے قریب خطرناک اور اشتعال انگیز انداز اختیار کیا اور متعدد انتباہات کے باوجود اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں۔
اِسی طرح دفتر خارجہ نے ان اقدامات کو معمول کی تعیناتی قرار دینے کے بھارتی مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ 1991 کے دوطرفہ معاہدے کی خلاف ورزی ہیں۔
پاکستان نے کہا کہ 15 ستمبر کو آئی این ایس کولکتہ نے خطرناک انداز میں رخ تبدیل کیا، جس کے نتیجے میں اس کی پی این ایس حنین سے رگڑ ہوئی، پی این ایس حنین نے تصادم سے بچنے کی کوشش کی، جبکہ واقعے کے بعد بھارتی جہاز نے رفتار بڑھا کر علاقے سے روانگی اختیار کی۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے واقعے کو انتہائی اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی کارروائی سنگین بحران کا سبب بن سکتی تھی، پاکستان کے مطابق پاک بحریہ کے پیشہ ورانہ اور ذمہ دارانہ طرز عمل نے صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکا۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان بھارتی بحریہ کی خلاف ورزیوں کو انتہائی تشویش سے دیکھتا ہے اور بھارت پر زور دیتا ہے کہ وہ دوطرفہ معاہدوں اور ذمہ دارانہ طرز عمل کی پابندی کرے، پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کے اعادے کو روکنے کے لیے بھارتی حکام فوری اقدامات کریں۔
پاکستان نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ بھارت حقائق کو مسخ کرکے معاملے کو سفارتی سطح پر بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے اور اس پر پاکستان کے خلاف سفارتی احتجاج کیا اور پاکستانی ناظم الامور کو طلب کیا ہے۔
دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی مؤقف میں واقعے کی ذمہ داری پاکستانی بحری یونٹ پر عائد کی گئی ہے، یوں دونوں ممالک کے سرکاری مؤقف ایک دوسرے سے مختلف ہیں، کے اقدامات علاقائی امن کو متاثر کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان انڈر 19 نے انگلینڈ انڈر 19 کو 200 رنز سے ہرادیا، سیریز 1-3 سے جیت لی