’اپنی چھت، اپنا گھر‘ وزیر اعلیٰ پنجاب کا فلیگ شپ پروجیکٹ ایک اور ایوارڈ کے لیے نامزد
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکے فلیگ شپ پروجیکٹ،’اپنی چھت، اپنا گھر‘ ایک اور ایوارڈ کے لئے نامزد کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ’اپنی چھت،اپنا گھر‘ پروگرام دنیا کے پانچ کامیاب ترین ہاؤسنگ منصوبوں میں شامل ہوگیا جس کے بعد اس پروگرام کو اقوام متحدہ کے اسکرول آف آنر ایوارڈ کے لئے منتخب کرلیا گیا ہے۔
یونائیٹڈ نیشن ہیبی ٹیٹ کی جانب سے ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پروگرام کو اسکرول آف آنر ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی طرف سے دنیا بھر سے ہر سال صرف پانچ پروگرامز کواسکرول آف آنر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا جاتا ہے،’اپنی چھت،اپنا گھر‘ پروگرام کم آمدن والے خاندانوں کیلئے محفوظ اور مناسب رہائش کے مواقع فراہم کرنے پر اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا۔
دنیا بھر میں جاری پروجیکٹ کے مسابقتی اور جامع جائزے کے بعد’اپنی چھت اپنا گھر‘ کو منتخب کیا گیا، 5 اکتوبر کوورلڈ ہیبی ٹیٹ ڈے کی عالمی تقریب کے موقع پر اس پروگرام کو ایوارڈ پیش کیا جائے گا۔
اقوام متحدہ کے اسکرول آف آنر ایوارڈ کی تقریب آئندہ ماہ مسقط، سلطنتِ عمان میں ہوگی، مسقط میں 6 سے 8 اکتوبر تک ہاؤسنگ اور شہری ترقی پر خصوصی سیمینار اور ورکشاپ ہوں گی۔
یاد رہے کہ ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پروگرام کے تحت 2 لاکھ سے زائد گھرو ں کی تعمیر کے لئے 260 ارب روپے کے قرضے جاری ہوچکے ہیں، اس اسکیم کو پاکستان کی سب سے بڑی اور پہلی مکمل ڈیجیٹل ہاؤسنگ فنانس اسکیم ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
’اپنی چھت، اپنا گھر‘ کے پہلے مرحلے میں ایک لاکھ 34 ہزار 439 گھروں کے لئے 196 ارب،دوسرے مرحلے میں 65 ہزار گھروں کے لئے 62 ارب روپے سے زائد کے قرضے جاری ہوئے۔
تقریباً سوا لاکھ خاندان اس پروگرام کے تحت بننے والے مکانوں میں منتقل ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی کی نئی رینکنگ میں کئی پاکستانی کھلاڑیوں کی ترقی