پی ایس ایل 11 کا گرینڈ فائنل، شاندار تیاریاں جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(رانا آذر) ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے گرینڈ فائنل کے لیے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں جبکہ شائقین کرکٹ کے لیے ایک یادگار اور رنگا رنگ اختتامی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔
معروف گلوکار عاطف اسلم، علی عظمت، عارف لوہار، آئمہ بیگ اور صابری سسٹرز اپنی پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کریں گے جبکہ تقریب کے دوران آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی پیش کیا جائے گا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل، متعلقہ ڈائریکٹرز اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی،اجلاس میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے فائنل میچ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فائنل میچ سے قبل ہونے والی رنگا رنگ اختتامی تقریب کو حتمی شکل دے دی گئی جبکہ چیئرمین پی سی بی نے تمام تر انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت جاری کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ میگا ایونٹ کے لیے ہر سطح پر بہترین اور شاندار انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور شائقین کرکٹ کی سہولت کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے۔
انہوں نے شائقین کرکٹ کو ہدایت کی کہ وہ شاندار اختتامی تقریب سے بھرپور لطف اندوز ہونے کے لیے شام 6 بجے تک لازمی سٹیڈیم پہنچ جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : ہر میچ پریشر والا میچ ہوتا ہے ،پی ایس ایل فائنل کا بھی الگ پریشر ہوتا ہے؛بابراعظم