سلیمان شہباز کیخلاف چیک باؤنس ہونے پر اندراج مقدمہ کا آرڈر کالعدم قرار دیدیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)لاہور ہائیکورٹ سے وزیر اعظم کےبیٹے سلیمان شہباز شریف کیلئے بڑا ریلیف ،عدالت نے سلیمان شہباز شریف کے خلاف باؤنس چیک کے متعلق سیشن کورٹ کا اندراج مقدمہ کا آرڈر کالعدم قرار دے دیا۔
چیف جسٹس ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے سلیمان شہباز شریف کی درخواست پر سماعت کی،سلیمان شہباز کے خلاف اندراج مقدمہ کا آرڈر حاصل کرنے والے قتیل انوارِ الحسن کے وکیل سید فراز حیدر شیرازی پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ سلیمان شہباز شریف کی جانب سے ادائیگی کرنے کے لیے مہلت لی گئی ہے، عدالت سے بھی مہلت کی استدعا ہے، چیف جسٹس نے سید فراز حیدر شیرازی ایڈووکیٹ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا اگر کیس بنتا ہے تو شہادت ضائع کیوں ہو ، آپ دلائل دیں تاکہ اس کا فیصلہ کریں ،آپ نے ہی ایڈیشنل سیشن جج کے سامنے درخواست دائر کی تھی اور دلائل دئیے ۔
یہ بھی پڑھیں:خریداروں کے وارے نیارے،سونا سستا ہو گیا
سلیمان شہباز شریف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اندراج مقدمہ کی جو درخواست دی گئی ، اس میں سلیمان شہباز شریف کو فریق ہی نہیں بنایا گیا ، اندراج مقدمہ کے لئے جو درخواست دی گئی اس میں پتہ بھی نہیں تھا ، لیگل نوٹس بھیجا گیا ، اس کا جواب دیا گیا ،کمپنی کے پانچ چیک چوری ہوئے تھے جن کا مقدمہ درج کروایا گیا ، وکیل جو چیک چوری ہوئے اس میں مقدمہ درج ہوا ، فریق دوئم کوچاہئے تھا کہ اس ایف آئی آر میں اپنا موقف پیش کرتے، انہوں نے مقدمہ کی تفتیش میں تعاون کرنے کی بجائے علیجدہ ایف آئی آر کی درخواست دی۔
وکیل قتیل انوار الحسن نے جواب دیا لیپ ٹاپ پرچیز آرڈر دیا گیا ، جس کے عوض چیک دئیے گئے جو باؤنس ہونے ، بائیس اپریل کو چیک باؤنس ہوئے ، انہوں نے اگلے روز چیک چوری کا مقدمہ درج کروادیا ، چیف جسٹس نے سید فراز حیدر شیرازی ایڈووکیٹ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا سترہ لیپ ٹاپ ہیں ، کس کمپنی کے ہیں ، اتنے سستے تو آج تک نہیں سنے، وکیل نے جواب دیا کمپنی میں ایسے ہی لیپ ٹاپ چلتے ہیں ، ،مختلف اوقات میں لیپ ٹاپ دئیے گئے، صدر انجمن تاجران الیکٹرانکس اور ایک تاجر محمد اختر نے کمپنی کے ایماء پر ادائیگی کیلئے دو ماہ کی مہلت کی ،کمپنی کے ایما پر ان تاجروں نے پولیس کی موجودگی میں چیک لے کر ادائیگی کیلئے دو ماہ کی مہلت لی، عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد سلیمان شہباز شریف کے خلاف باؤنس چیک کے متعلق سیشن کورٹ کا اندراج مقدمہ کا آرڈر کالعدم قرار دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات سے قبل ایل پی جی کی قیمتوں میں بڑی کمی کردی