عالمی یومِ پارلیمان پر ہم جمہوریت پر کاربند رہنے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں:صدر مملکت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ بین الاقوامی یومِ پارلیمان پر ہم سب اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم جمہوریت، آزادی، شمولیت، رواداری اور معاشی و سماجی انصاف کے اصولوں پر کاربند رہیں گے۔
بین الاقوامی یومِ پارلیمان کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پارلیمان عوام کی خودمختار نمائندہ اور آئینی اقدار کی نگہبان ہوتی ہے، یہ قومی پالیسی کی تشکیل، شفافیت و جوابدہی کو یقینی بنانے اور تمام شہریوں کے بنیادی حقوق و آزادیوں کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ مؤثر قانون سازی اور بھرپور نگرانی کے ذریعے پارلیمان عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے، طرزِ حکمرانی کو مؤثر بنانے اور جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ اس اہم دن کے موقع پر میں پارلیمان کی کاوشوں کو سراہتا ہوں جو شفاف، جامع اور عوامی شراکت پر مبنی طرزِ حکمرانی کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ قانون ساز اداروں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ جمہوری اقدار کا تحفظ کریں اور قومی ترقی کے عمل کو آگے بڑھائیں۔
صدر مملکت کے مطابق پارلیمانِ پاکستان اپنے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی، اُن کے حقوق و آزادیوں کے تحفظ اور عوامی احتساب کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر نگرانی کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ آئیے ایک ایسا پاکستان تعمیر کریں جہاں جمہوریت فروغ پائے، ادارے مضبوط ہوں اور ہر شہری کی آواز سنی اور عزت سے سمجھی جا ئے۔
یہ بھی پڑحیں :شمالی وزیرستان میں ایک ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ، ڈبل سواری پر پابندی ہوگی