پہاڑوں نے سفیدی کی چادر اوڑھ لی،برفباری سےمعمولاتِ زندگی متاثر

Jan 29, 2026 | 09:22:AM
پہاڑوں نے سفیدی کی چادر اوڑھ لی،برفباری سےمعمولاتِ زندگی متاثر
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)بالائی علاقوں میں برفباری رک گئی ، سردی  کی  شدت  بڑھ  گئی، کوئٹہ ،زیارت ،پشین ،چمن اور قلات میں برف ہی برف،پاک افغان سرحدی علاقے برف سے ڈھک گئے۔
مری میں سفید گالے پڑنے سے سیاحوں کی موج مستی بڑھ گئی، آزاد کشمیر میں برفباری سے متعدد شاہراہیں بند ہوگئیں، باغ اور پیر چناسی شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بحال کر دیا گیا، لیپہ ویلی شاہراہ کی بحالی کا کام جاری رہا۔

مظفر آباد سے تاؤ بٹ سڑک کئی روز بعد بھی نہ کھل سکی، راولاکوٹ سے تولی پیر شاہراہ برف پڑنے سے بند ہوگئی، آزاد کشمیر میں شدید برفباری سے 19 گھر مکمل تباہ ہوگئے، 47 کو جزوی نقصان پہنچا۔

کشمیر، خیبر پختونخوا اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر بارش ہوئی، مظفر آباد، گڑھی دوپٹہ، کوٹلی، مری، منگلا، مالم جبہ میں بادل برسے، بالائی علاقوں میں درجہ حرارت بدستور نقطہ انجماد سے نیچے رہا۔

لہہ میں منفی 10، قلات اور پارا چنار میں پارا منفی 7 ریکارڈ کیا گیا، گوپس، مالم جبہ، استور میں درجہ حرارت منفی 6 تک گر گیا، نتھیا گلی، کالام میں منفی 5، سکردو میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا میں برفباری نے قہر ڈھا دیا، ہلاکتیں 65 ہوگئیں، ہزاروں پروازیں منسوخ

بلوچستان کے بالائی علاقوں چمن، قلعہ عبداللّٰہ اور زیارت سمیت پاک افغان سرحدی علاقوں میں شدید سردی کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہو چکا ہے، جبکہ متعدد مقامات پر زمینی رابطے منقطع ہو گئے ہیں۔

گلگت بلتستان کے علاقے استور میں شدید برف باری کے باعث بند ہونے والی رابطہ سڑکیں تاحال بحال نہیں ہو سکیں۔ دوسری جانب سوات کے بالائی علاقوں میں بند سڑکوں کی بحالی کے لیے کام جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقے آج بھی شدید سردی کی لپیٹ میں رہیں گے،آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 4، اور  مری میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:پرتگال میں کرسٹن نامی طوفان نے تباہی مچادی، 5 افراد ہلاک، لاکھوں افراد بجلی سے محروم

پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹر وے کے متعدد سیکشن بند کر دیے گئے ہیں۔

کراچی میں سردی کی شدت میں کچھ حد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سردی کی لہر آئندہ چند دنوں تک جاری رہے گی، آج کراچی میں موسم دن کے وقت خشک جبکہ رات کے وقت سرد رہے گا،دن کے اوقات میں درجہ حرارت 23 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔