جرمنی: سیاحوں کی بس الٹ گئی، 2 افراد ہلاک

Sep 28, 2026 | 10:14:AM
جرمنی: سیاحوں کی بس الٹ گئی، 2 افراد ہلاک
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)جنوبی جرمنی میں میونخ کے معروف اوکٹوبر فیسٹ میں شرکت کے لیے جانے والے فلپائنی سیاحوں کی بس حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

جرمن پولیس کے مطابق حادثہ اتوار کی صبح تقریباً 5 بج کر 41 منٹ پر پیش آیا، جب فلپائنی سیاحوں کو لے جانے والی بس اے 96 ہائی وے پر سڑک سے اتر کر الٹ گئی، حادثے میں کوئی دوسری گاڑی ملوث نہیں تھی۔

بس میں 33 فلپائنی سیاح سوار تھے، جبکہ 2 اطالوی ڈرائیور بھی موجود تھے، دونوں ڈرائیور حادثے میں محفوظ رہے۔

پولیس نے ہلاک ہونے والے 2 افراد میں سے ایک کی شناخت 58 سالہ فلپائنی شہری کے طور پر کی ہے، جبکہ دوسرے مقتول کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔

 حادثے میں زخمی ہونے والے 6 افراد کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک اور زندگی کے لیے خطرناک بتائی گئی۔

مزید پڑھیں:آئرش فٹبال ٹیم کا اسرائیل کیخلاف منفرد احتجاج

مزید 2 زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا، جبکہ دیگر 22 افراد کو ابتدائی طبی امداد جائے حادثہ پر فراہم کی گئی، جن میں سے بعض کو بعد ازاں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

 مقامی پولیس کے ترجمان کے مطابق حادثے کے فوری بعد صورتحال انتہائی افراتفری کا شکار تھی اور مسافروں کی درست تعداد کی تصدیق میں پولیس کو کئی گھنٹے لگے۔

پولیس کے مطابق حادثے کے وقت بس چلانے والے ڈرائیور کے خلاف غفلت کے نتیجے میں ہلاکتوں کے الزام میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

پولیس ترجمان نے واضح کیا کہ ڈرائیور کے خلاف اس نوعیت کی قانونی کارروائی تحقیقات کا معمول کا حصہ ہے۔

حکام کے مطابق حادثے کی اصل وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی، استغاثہ نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے ماہرین سے جائے حادثہ اور گاڑی کی تکنیکی جانچ پر مبنی رپورٹ تیار کرنے کو کہا ہے۔

حادثے کے بعد 200 سے زائد فائر فائٹرز، طبی عملے اور پولیس اہلکاروں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا، ہائی وے کے ایک حصے کو کچھ دیر کے لیے مکمل طور پر بند کردیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں ٹریفک بحال کردی گئی۔