تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کا ’فوری اور غیر مشروط جنگ بندی‘ پر اتفاق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)تھائی لینڈ اور کمبوڈیا نے اپنی سرحد پر پانچ روز سے جاری لڑائی کے بعد ’فوری اور غیر مشروط جنگ بندی‘ پر اتفاق کر لیا ہے، اب تک ہونے والی لڑائی میں کم از کم 33 افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہوگئے ہیں۔
ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے اپنے ہم منصبوں کے ہمراہ نصف شب جنگ کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ کشیدگی میں کمی اور امن و سلامتی کی بحالی کی جانب ایک اہم پہلا قدم ہے۔
خیال رہے کہ تھائی لینڈ نے ابتدائی طور پر ثالثی کی پیش کش کو مسترد کر دیا تھا لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد اس پر رضامندی ظاہر کر دی تھی کہ محصولات سے متعلق مذاکرات اس وقت تک آگے نہیں بڑھیں گے جب تک 'جنگ' بندی نہیں ہو جاتی۔
ایک صدی پرانے سرحدی تنازعے پر کشیدگی مئی میں اس وقت بڑھ گئی تھی جب کمبوڈیا کا ایک فوجی جھڑپ میں ہلاک ہو گیا تھا، حالیہ دنوں میں تھائی لینڈ نے زمینی راستے سے کمبوڈیا جانے والے شہریوں اور سیاحوں پر پابندی عائد کردی جبکہ کمبوڈیا نے تھائی لینڈ سے پھلوں، بجلی اور انٹرنیٹ خدمات سمیت کچھ درآمدات پر پابندی عائد کررکھی ہے۔
تھائی لینڈ نے کمبوڈیا کے ساتھ اپنی کچھ سرحدی گزرگاہوں کو بند کر رکھا ہے، کمبوڈیا کے سفیر کو ملک بدر کر دیا اور اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے، پیر کوالالمپور میں جاری امن مذاکرات کے دوران بھی دونوں ممالک میں گولے اور راکٹ گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔
کمبوڈیا جمعے سے ہی جنگ بندی پر زور دے رہا ہے کیونکہ تھائی لینڈ کی فوج نے اس کی مسلح افواج کو پیچھے دھکیل دیا ہے۔ تھائی لینڈ کے قائم مقام وزیراعظم فومتھم ویچایاچائی نے مختصر خطاب کرتے ہوئے جنگ بندی کا احترام کرنے کا وعدہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں :سری لنکا کے سابق نیول چیف کو اغوا اور گمشدگی کیس میں گرفتار کرلیا گیا