پیوٹن کا دوسری جنگ عظیم کی فتح کی 80ویں سالگرہ پر3 دن کیلئےجنگ بندی کا اعلان

Apr 28, 2025 | 18:18:PM
پیوٹن کا دوسری جنگ عظیم کی فتح کی 80ویں سالگرہ پر3 دن کیلئےجنگ بندی کا اعلان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک ) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے پیر کے روز یوکرین کے ساتھ جاری جنگ میں3 دن کی جنگ بندی کا اعلان کیا ہے تاکہ دوسری جنگ عظیم میں سوویت یونین اور اس کے اتحادیوں کی فتح کی 80ویں سالگرہ منائی جا سکے۔

کریملن نے کہا کہ یہ 72 گھنٹے کی جنگ بندی 9 مئی کے ارد گرد ہو گی، جب پیوٹن چین کے صدر شی جن پنگ سمیت دیگر عالمی رہنماؤں کو دوسری جنگ عظیم کی فتح کے جشن میں مدعو کریں گے،کریملن کا کہنا ہے کہ اس دوران تمام فوجی کارروائیاں معطل رہیں گی اور روس یہ توقع کرتا ہے کہ یوکرین بھی اس اقدام کی پیروی کرے گا  تاہم  اگر یوکرین کی جانب سے کوئی خلاف ورزی ہوتی ہے تو روس کی فوج "مناسب اور مؤثر ردعمل" دے گی۔

یہ جنگ بندی کا اعلان روس کی جانب سے دوسرا اقدام ہے، اس سے پہلے پیوٹن نے ایسٹر کے موقع پر 30 گھنٹے کی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا  جس میں دونوں فریقین ایک دوسرے پر خلاف ورزیوں کا الزام لگاتے رہے تھے،یہ تازہ ترین اقدام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے ایک پیغام سمجھا جا رہا ہے جنہوں نے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر روسی حملے کی مذمت کی تھی اور اس بات پر تشویش ظاہر کی تھی کہ پیوٹن اسے محض سیاسی کھیل کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ یوکرین صرف اس صورت میں بات چیت کے لیے تیار ہے جب جنگ بندی کے معاہدے پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا، زیلنسکی کے چیف آف  سٹاف  آندری یرماک نے پیر کو ٹیلی گرام پر ایک پیغام میں کہا کہ روسی حملے جاری ہیں، جو پیوٹن کے امن کے دعووں کے برعکس ہیں۔

کریملن نے ایک بیان میں کہا کہ روس امن مذاکرات کے لیے تیار ہے جس کا مقصد یوکرین کے بحران کی جڑوں کو ختم کرنا ہے  اور اس کے لیے عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعمیری تعاون کی ضرورت ہے۔

اس دوران کریملن کے ترجمان دیمتری پسکوف نے صحافیوں کو بتایا کہ براہِ راست بات چیت کے لیے اشارہ یوکرین کی طرف سے آنا چاہیے کیونکہ 2022 میں زیلنسکی نے ایک فرمان کے ذریعے پیوٹن کے ساتھ مذاکرات کو مسترد کر دیا تھا، یوکرین نے روس پر الزامات لگائے ہیں کہ وہ وقت گزارنے کے لیے جنگ بندی کی کوشش کر رہا ہے تاکہ مزید علاقے پر قبضہ کر سکے۔

 یہ بھی پڑھیں: الخدمت فاؤنڈیشن کیجانب سے غزہ کیلئے 26 ویں امدادی کھیپ اردن پہنچ گئی