پاکستان اور کولمبیا کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے نیویارک میں کولمبیا کی وزیر خارجہ روزا یولانڈا ویلاوِسینسیو سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں عالمی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق نیویارک میں ہونے والی اس ملاقات میں پاکستان اور کولمبیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا،دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، دفاع، ثقافت اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون بڑھانے کے مختلف امکانات پر بات چیت کی۔
چونکہ پاکستان اور کولمبیا دونوں اس وقت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ہیں، اس لیے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے عالمی و علاقائی معاملات پر کولمبیا کے اصولی مؤقف کو سراہا اور اقوام متحدہ سمیت دیگر بین الاقوامی فورمز پر تعاون مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران فلسطین کی صورتحال سمیت مختلف علاقائی اور عالمی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں فریقین نے اختلافات کے حل کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کی حمایت کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور کولمبیا کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کو باقاعدگی سے جاری رکھا جائے گا تاکہ ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔